ریاض میں گاڑیاں چوری کرنے والا 17 رکنی گروہ گرفتار
ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ( فوٹو عاجل)
ریاض پولیس نے دارالحکومت اور آس پاس کی کمشنریوں میں گاڑیاں چوری کرنے والے 17 افراد کو گرفتارکیا ہے۔ گروہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں پر مشتمل ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ متاثرین کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے سپیشل سیکیورٹی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جسے ملزمان کا پتہ لگانے اور ثبوت جمع کرکے گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
سپیشل ٹیم نے 11 سعودیوں اور 6 مقیم سوڈانیوں کو گاڑیاں چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے میں مدد دی۔ ملزمان نے ریاض شہر اور آس پاس کی کمشنریوں میں ایک ہی انداز سے گاڑیاں چوری کی تھیں۔
ترجمن نے بتایا کہ چوروں کا یہ گروہ ایک طرف تو گاڑیاں چوری کررہا تھا تو دوسری جانب زیر تعمیر عمارتوں، زرعی فارموں اور گیسٹ ہاؤسسز میں گھس کر قیمتی اشیا لے کر فرار ہوجاتا تھا۔
یہ لوگ ایک احاطے کو مسروقہ اشیا کے گودام کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ مسروقہ اشیا کی قیمت کا اندازہ 8 لاکھ 78 ہزار ریال لگایا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گروہ کے ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔