Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریاست کولوراڈو کے شاپنگ مال میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

بولڈر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی مائیکل ڈوگرٹی کے مطابق حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک مسلح شخص نے شاپنگ مال میں فائرنگ کر کے دس افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ریاست کے دارالحکومت ڈینور سے 50 کلومیٹر دور بولڈر کاؤنٹی میں پیش آیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بولڈر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی مائیکل ڈوگرٹی نے بتایا کہ حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 

 

پولیس چیف مارس ہیرولڈ کے مطابق حملہ آور نے کنگ سوپر مارکیٹ میں شہریوں کو نشانہ بنایا اور مرنے والوں میں مقامی پولیس افسر بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 51 سالہ پولیس افسر ایرک ٹیلی سب سے پہلے علاقے میں پہنچے تھے۔
پولیس چیف کے مطابق ’اب تک دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں ایک مقامی پولیس افسر شامل ہیں جنہوں نے سب سے پہلے متاثرہ مقام پر پہنچے، ان کو گولیاں لگیں اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔‘
براہ راست نشر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ پولیس نے درمیانی عمر کے ایک سفید فام شخص کو حراست میں لیا جس نے قیمص نہیں پہنی ہوئی تھی اور وہ خون سے لت پت تھا۔
مقامی پولیس کمانڈر کیری یاماگوچی نے بتایا کہ اس وقت صرف ایک مشتبہ شخص زیر حراست ہے اور وہ شدید زخمی ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا وہی حملہ آور تھا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے ٹویٹ کیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کو حملے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔
صدر جوبائیڈن نے گزشتہ ماہ امریکی کانگرس سے کہا تھا کہ ملک میں اسلحہ رکھنے کے قانون میں اصلاحات لائی جائیں۔

شیئر: