Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مالکن کو ہسپتال پہنچانے میں مدد کا حصول، کتے نے ٹریفک رکوا دی

مالکن کو دورہ پڑنے کے بعد کتا سڑک کے درمیان آ گیا اور گاڑیوں کو روکا (فوٹو: سی ٹی وی)
کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں ایک کتے نے بیماری کا شکار ہونے والی مالکن کی جان بچانے کی مدد لینے کے لیے ٹریفک رکوا دی۔
یو پی آئی کے مطابق اوٹاوا کی رہائشی ہیلے مور اپنے ڈیڑھ سالہ کتے کلوور کے ساتھ چہل قدمی کر رہی تھیں کہ اچانک ایک دماغی بیماری سیژر کے حملے کے باعث گر گئیں۔
ہیلے مور نے سی ٹی وی نیوز کو بتایا کہ ’مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ چکر آیا اور اس کے بعد جب آنکھ کھلی تو میں ایمبولینس میں تھی۔‘ تاہم اس دوران جو کچھ ہوا وہ سب قریب لگے ایک سی سی ٹی کیمرے نے محفوظ کر لیا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مُور سفید رنگ کے کتے کے ساتھ جا رہی ہیں، ٹریفک بہت کم ہے اور اردگرد برف نظر آ رہی ہے۔
اچانک ہی مُور گر جاتی ہیں اور کتا پہلے تو انہیں ہلانے جُلانے کی کوشش کرتا ہے پھر ادھر اُدھر بھاگتا ہے اور بعد ازاں سڑک کے درمیان کھڑا ہو جاتا ہے اسی وقت ایک پک اپ وین تیزی سے آتی ہے تاہم وہ آگے سے نہیں ہٹتا، اور ڈرائیور گاڑی روک دیتا ہے۔ کتا بھونک کر مالکن کی طرف اشارہ کرتا ہے اور گاڑی سے اترنے والا شخص مُور کے قریب چلا جاتا ہے۔ گاڑی کے ڈرائیور ڈرائڈن اوٹاوا کہتے ہیں کہ ’یہ بہت متاثرکن تھا، کتے نے درحقیقت میرا راستہ روک لیا تھا۔‘
کتے نے اسی وقت وہاں سے گزرنے والی ایک اور ڈرائیور ڈینیئلے پائلن کو بھی مدد کے لیے روکا۔
پائلن کہتی ہیں کہ ’آپ کہہ سکتے ہیں جب ہم مُور کے پاس موجود تھے تب بھی کتا اپنی مالکن کو چھوڑ جانے کے لیے تیار نہیں تھا۔‘
مُور کے والدین کہتے ہیں کہ کلوور نے قریبی واقع میں موجود افراد کو بھی مدد کے لیے پکارا تھا، پڑوسیوں نے کلوور کے بھونکنے کی آواز سنی اور اس کے ساتھ وہاں پہنچے جہاں مُور ایمبولینس کے انتظار میں تھیں۔
مُور بے ہوش ہو کر گری تھیں تاہم زخمی نہیں ہوئیں، بروقت ہسپتال پہنچائے جانے کے باعث ان کی جان بچ گئی۔
مُور کہتی ہیں کہ ’اگر پھر کبھی ایسا ہوا تو میں کو 10 گنا زیادہ محفوظ تصور کروں گی کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ وہ میرے ساتھ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مدد کرنے والوں کی شکرگزار ہیں۔
انہوں نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ’میں نہیں جانتی کہ میں مدد کرنے والوں کا شکریہ کیسے ادا کروں۔‘
مُور کے والدین کے مطابق کلوور کے کارنامے پر اسے ایک گوشت کا ایک بڑا ٹکڑا انعام  کے طور پر دیا گیا تھا۔

شیئر: