عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے یمن میں صحت منصوبے جاری
عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے یمن میں صحت منصوبے جاری
اتوار 28 مارچ 2021 21:37
یمن کے ہسپتالوں اور طبی مراکز کو 20.5 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارۂ صحت کے تعاون سے یمن کے ہسپتالوں اور طبی مراکز کو 20.5 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ امداد طبی آلات، پرسنل پروٹیکشن ٹولز اور میڈیسن کی شکل میں تھی- اس کے علاوہ آپریشنل بجٹ اور طبی خدمات فراہم کرنے والے اہلکاروں کی تربیت شامل تھی۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے کورونا کی عالمی وبا کے بعد اس سے نمٹنے کے لیے متعدد منصوبے پیش کیے ہیں جیسے کہ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے 13 ملین ڈالر کی لاگت سے وبائی ردعمل کی تیاری اور منصوبہ بندی۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے یمن کی وزارتِ صحت کو کوویڈ- 19 پرسنل پروٹیکشن ٹولز کے لیے چھ ملین ڈالر کی امداد فراہم کی۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے آج تک 74 تعلیمی منصوبوں پر عملدرآمد کیا ہے جن کی مالیت یمن، شام اور صومالیہ میں 181.3 ملین ڈالر ہے۔
اس مرکز نے ملائیشیا، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک سے آنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کی امداد کے لیے یو این ایچ سی آر کے ساتھ متعدد معاہدے بھی کیے ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک،صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1536 امدادی منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ان منصوبوں پر تقریباً پانچ بلین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.47 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 202 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔