مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کا ماحول بہتر ہوگا۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد الحرام کے صحنوں کی شجر کاری پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اس کے تحت مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کا ماحول بہتر ہوگا۔ خالی جگہوں اور راہداریوں میں پودے لگائے جائیں گے۔ وضو کے استعمال شدہ پانی کو ٹریٹمنٹ کے بعد درختوں کی افزائش کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ڈاکٹر السدیس نے اس موقع پر مختصر بیان میں اسلام میں شجر کاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ شجر کاری پروگرام سے سعودی وژن 2030 کے اہداف پورے ہوں گے اور ماحول خوشگوار ہوگا۔ زائرین پر اچھے اثرات پڑیں گے اور آلودگی کو کنٹرول کیا جاسکے گا-
مسجد الحرام کے تقریبا 7.344.5 مربع میٹر خالی رقبے پر درخت اور سبزہ اگایا جائے گا۔ تقریبا 25 مقامات اس مقصد کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
الیکٹرانک زینوں کے بالائی حصے میں پودے لگائے جائیں گے جس سے آس پاس کا علاقہ سایہ دار ہوجائے گا۔ سوق صغیر انڈر پاس کے انٹرنس پر شجر کاری ہوگی۔ آب زمزم پینے اور طہارت خانوں کے مقامات پر بھی شجر کاری ہوگی۔ ان مقامات پر مناسب روشنی اور پانی دینے کا انتظام کیا جائے گا۔