چھ دن سے نہر سویز میں پھنسے جہاز کو نکال دیا گیا، بحری ٹریفک بحال
چھ دن سے نہر سویز میں پھنسے جہاز کو نکال دیا گیا، بحری ٹریفک بحال
پیر 29 مارچ 2021 7:48
دنیا کی اہم اور مصروف ترین آبی گزرگاہ نہر سویز میں پھنسے دیوہیکل بحری جہاز کو نکال دیا گیا ہے اور ایک ہفتے سے بند سمندری ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایم وی ایور گیون نامی جہاز کو دوبارہ نہر میں ڈال دیا گیا اور نہر سویز کو سمندری ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
نہر میں پھنسے جہاز کو نکالنے کے بعد ٹگ بوٹس کے عملے نے ہارن بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔ جاپانی ملکیت والے جہاز جس کا حجم چار فٹ بال گراؤنڈ کے برابر ہے، کو جب نکالا گیا تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
نہر سویز کی گزرگاہ بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو ملاتی ہے اور ایشیا اور یورپ کو ملانے والی مختصر ترین گزرگاہ ہے جس کے راستے سے دنیا کی تجارت کا 10 فیصد مال گزرتا ہے۔
قبل ازیں برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے خبر دی تھی کہ جہاز رانی کی خدمات فراہم کرنے والے ادارے انچ کیپ شپنگ سروس نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ بحری جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 4:30 بجے سمندر کی سطح پر کامیابی سے تیر رہا تھا۔
گذشتہ کئی دنوں سے مصر کی ٹگ بوٹس اور بلڈوزر کی مدد سے اس دیوہیکل جہاز کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
منگل کے روز مصر کے صحرائے سینا اور مشرق وسطٰی کے اکثر علاقوں کو جب ریت کے طوفان نے اپنی لپیٹ میں لیا تو 400 میٹر طویل یہ مال بردار بحری جہاز تیز جھکڑ کے باعث اپنا توازن اور سمت برقرار نہ رکھ سکا۔
59 میٹر چوڑا ایور گرین جہاز جی ایم ٹی کے مطابق صبح 5 بج کر 40 منٹ پر نہر سویز کے جنوبی کنارے پر جا کر پھنس گیا۔ یہ جہاز منگل کے روز سے نہر سویز میں ترچھا کھڑا رہا۔ جہاز نے بحیرہ احمر اور بحیرہ روم کے درمیان ہر قسم کی بحری ٹریفک کو بلاک کر رکھا تھا۔
بحری جہاز کے آپریٹر کے مطابق چین سے نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم کی بندرگاہ کی جانب بڑھنے والا ایور گرین جہاز ہوا کے تیز جھکڑ کے بعد سمت برقرار نہ رکھنے سے کنارے سے جا لگا تھا۔
تاہم سویز کینال اتھارٹی کے سربراہ اسامہ ربیع نے سنیچر کے روز صحافیوں کو بتایا تھا کہ ’یہ حادثہ تیز ہوا کے بجائے تکنیکی اور انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔‘
بحری جہاز کے 25 افراد پر مشتمل عملے سمیت تجارتی سامان کو کسی قسم کا نقصان پہنچا اور نہ ہی جہاز سے تیل خارج ہوا ہے۔