مسجد نبوی میں روزہ افطار کرانے والوں کے لیے ورکشاپ
’روزہ داروں کو انفرادی طور پر افطار دیا جائے گا جو کھجور اور زمزم پر مشتمل ہوگا‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
مسجد نبوی مدینہ میں ماہ رمضان کے دوران روزہ افطار کرانے والوں کی تربیت کے لیے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی انتظامیہ کی نگرانی میں منعقد ہونے والے ورکشاپ میں روزہ افطار کے طریقہ کار اور ضابطوں کا تعین کیا گیا ہے۔
مسجد نبوی کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد بن احمد الخضیری نے کہا ہے کہ ’روزہ افطار کرانے والوں کو کورونا وائرس کے باعث نئے ضابطوں سے آگاہ کیا گیا ہے‘۔
’یہ بات طے ہوئی ہے کہ مسجد نبوی شریف کے اندر گزشتہ برسوں کی طرح افطار دستر خوان نہیں ہوں گے‘۔
’روزہ داروں کو انفرادی طور پر افطار دیا جائے گا جو کھجور اور زمزم پر مشتمل ہوگا، افطار میں اس کے علاوہ کوئی چیز نہیں ہوگی‘۔
’افطار کے وقت سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا نیز تمام حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائے گا‘۔
’افطار کے وقت خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے نگران ٹیمیں متعین ہوں گی جو کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر فوری مداخلت کریں گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’رمضان المبارک کے دوران مسجد نبوی کے زائرین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی تیار کرلی گئی ہے‘۔