Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب تو داڑھی کاٹ ہی نہیں سکتا، تیرا ٹیٹو خراب ہوجائے گا‘

سوال و جواب کے سیشن میں شاہ رخ خان نے جلد فلم ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا (فوٹو ٹوئٹر، شاہ رخ خان)
شوبز ستاروں کو پسند کرنے والے ماضی میں اپنے کمروں یا دیگر مقامات کو ان کی تصاویر سے سجایا کرتے تھے، اب یہ سلسلہ ٹیٹو اور ڈیسک ٹاپ یا سکرین امیچ تک آ پہنچا ہے۔ ایسے میں فینز کی یہ بھی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے پسندیدہ افراد نہ صرف ان کے شوق سے متعلق آگاہ ہوں بلکہ اسے سراہیں بھی۔
بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کے ایک فین نے اپنے بازو پر پسندیدہ فنکار کا ٹیٹو بنوایا اور تصویر شیئر کر کے ان کی رائے جاننا چاہی تو جواب ملا ’اب تو میں داڑھی کاٹ ہی نہیں سکتا، تیرا ٹیٹو خراب ہو جائے گا‘۔

فین کی جانب سے ٹیٹو بنوانے اور اس پر شاہ رخ خان کے تبصرے کا معاملہ بدھ 31 مارچ کو اس وقت سامنے آیا جب بالی وڈ سٹار نے ٹوئٹر پر فینز سے مختصر دورانیے کے لیے گپ شپ کی۔
گفتگو کے دوران جہاں انہیں پسند کرنے والوں نے شاہ رخ خان سے ان کی ذاتی، پروفیشنل زندگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں پوچھا وہیں دیگر نکات بھی گفتگو کا حصہ بنتے رہے۔
طویل عرصے سے بڑے پردے سے غائب شاہ رخ کے کچھ فینز ان کے آف سکرین رہنے کی مدت کا ذکر نکال لائے، تو بالی وڈ سٹار کا کہنا تھا کہ ’یہ تو صبر کے لیے بھی بہت زیادہ مدت ہے، فکر نہ کریں جلدی جلدی شوٹنگ کرتا ہوں‘۔

شاہ رخ خان کی فلموں کا ذکر ہوا اور فینز نے کچھ موویز کے نام لے کر ان کے سیکوئیل سے متعلق سوال پوچھا تو قہقہے کے ساتھ جواب ملا ’یہاں سب باکس آفس فیلیئرز کا ہی سیکیوئل کیوں مانگ رہے ہیں‘۔
زندگی میں کامیابی کے لیے کام کب شروع کیا جائے؟ کا سوال سامنے آیا تو شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’محنت کریں سب ٹھیک ہو جائے گا، میں نے فلم میں 26 برس کی عمر میں کام شروع کیا تھا۔ بس اپنا وقت ضائع نہ کریں‘۔
 

بالی وڈ میں سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان کو خانز کے نام سے پکارا اور ان کے تعلقات کی سردی و گرمی کا خاصا چرچا رہتا ہے۔ سوال و جواب کے حالیہ سلسلے میں دیگر خانز کا ذکر ہوا تو عامر خان کی پسندیدہ فلموں کے جواب میں شاہ رخ نے راکھ، دنگل، لگان وغیرہ کے نام لیے، سلمان خان سے متعلق پوچھنے والے کو جواب ملا ’بھائی تو بھائی ہی ہے‘۔
 

شوبزستاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر سوال و جواب کی نشستیں اب ایک معمول سا ہے تاہم بہت سے فینز کو گلہ رہتا ہے کہ انہیں جواب نہیں ملا۔ شاہ رخ خان کے ساتھ گفتگو کے دوران کچھ صارفین کو خدشہ لاحق ہوا کہ جواب نہیں ملے گا تو وہ انہیں ایسا کرنے کے نتائج سے ڈرانے سے بھی باز نہ آئے۔
 

جواب ملنے میں تاخیر کا شکوہ کرنے والے ایک صارف نے پوچھا کہ کھانے میں کریلے کھائے تھے جو نظرانداز کر کے کڑوا برتاؤ کیا جا رہا ہے؟ اس ٹویٹ کے بعد مذکورہ فین کو جواب ملا تو سہی لیکن یہ برتاؤ کے بجائے کریلے کے متعلق تھا۔

فینز کی ایسی دھمکیوں کا اثر تھا یا کچھ اور البتہ سوال و جواب کے سلسلے کے اختتام پر شاہ رخ خان نے ریپلائز سے محروم رہنے والوں کو تسلی دی کہ جنہیں جواب نہیں ملا وہ مایوس نہ ہوں۔
 

شاہ رخ کی جانب سے ٹوئٹر پر سوال و جواب کا سیشن چند منٹ کے لیے جاری رہا، اس مختصر سے وقفے میں مرکزی ٹویٹ سمیت دیگر جوابات پر ایک لاکھ سے زائد افراد نے لائکس، ٹویٹ اور ریپلائز کے آپشنز استعمال کیے۔
ٹوئٹر پر چار کروڑ سے زائد فالوورز رکھنے والے شاہ رخ خان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کرنے کے ساتھ ساتھ اسے فینز سے رابطے کے ذریعے کے طور پر بھی استعمال کرتے رہتے ہیں۔

شیئر: