سعودی فضائیہ کی پاکستان اور امریکہ کی فضائیہ کے ساتھ مشقیں
مشترکہ فوجی مشقیں 10 اپریل تک جاری رہیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’رائل سعودی ایئر فورس اور ان کے پاکستانی اور امریکی ہم منصبوں نے صوبہ پنجاب کے مصحف ایئر بیس پر مشترکہ فوجی مشقیں شروع کیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت دفاع نے منگل کو بتایا کہ ’ایسز میٹ 2021 مشقوں کا آغاز پاکستان میں سعودی فوجی اتاشی میجر جنرل عوض الزهرانی اور پاکستان فضائیہ کے چیف آف ایئر سٹاف (آپریشنز) وائس مارشل وقاص سلہری کی موجودگی میں ہوا۔‘
مشقوں میں شریک رائل سعودی ایئر فورس کمانڈنگ آپریشنز آفیسر حمد الحجری کا مشقوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’اس مشق میں رائل سعودی ایئر فورس کے متعدد ٹورناڈو جنگی طیارے اپنے ہوائی، تکنیکی اور معاون عملوں کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔‘
’اس میں تربیتی گروپوں کے لیے آپریشنز کی منصوبہ بندی اور مختلف جنگی صورت حال میں دفاعی اور جارحانہ تربیت شامل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس میں ایسے ماحول میں فضائی آپریشنز کی تربیت بھی شامل ہے جو مملکت سے مختلف ہیں۔‘
سپلائی کے کمانڈر کیپٹن عبدالرحمان العمری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’مخلتف ماحول میں کام کرنے سے، تکنیکی عملہ ہوائی جہاز کو مطلوبہ ضروریات سے آراستہ کرنے اور اسلحے سے لیس کرنے کے اعلیٰ معیار کے قابل بنا ہے۔‘
یہ فوجی مشقیں 10 اپریل تک جاری رہیں گی اور ان کا مقصد منصوبہ بندی کے میدان میں، اور لڑائی اور فضائی کارروائیوں میں معاونت کے تجربات اور مہارت کا تبادلہ کرنا بھی ہے۔