Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں فرانس کو مطلوب منشیات مافیا کا سرغنہ گرفتار

انسداد منشیات پولیس کو چکمہ دیے ہوئے تھا- (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی پولیس نے منشیات مافیا کے سب سے بڑے سرغنے کو گرفتار کیا ہے۔ انٹرپول کی ہٹ لسٹ پر تھا۔ اسے فرانس میں منشیات کا بہت بڑا سرغنہ مانا جاتا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ 39 سالہ ملزم ’مفید بوشیبی‘ فرانس میں حشیش درآمد کرنے والے بڑے سرغنوں میں سے ایک ہے۔ اسے فرانس میں ’موف‘ کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔ فرانس کی پولیس اسے انتہائی خطرناک قرار دیے ہوئے ہے۔ دس سال سے نظروں سے اوجھل ہونے کے باعث فرانسیسی حکام اسے’بھوت‘ کا نام دیے ہوئے تھے۔
دبئی پولیس نے بتایا کہ مفید بوشیبی کی گرفتاری انٹرپول کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد عمل میں آگئی۔ انٹرپول نے نشہ آور اشیا کے کاروبار اور خطرناک جرائم پیشہ تنظیموں سے تعلقات کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

مفید نے امارات کا ویزا فرضی نام سے حاصل کیا تھا- (فوٹو الامارات الیوم)

دبئی پولیس نے بتایا کہ مفید بوشیبی فرضی نام سے امارات پہنچا تھا اور آمد سے قبل ویزا حاصل کیا تھا۔
دبئی پولیس نے بتایا کہ گرفتاری فرانسیسی حکام اور انٹرپول کے تعاون سے عمل میں آئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ مفید بوشیبی عرف ’بھوت‘ کئی برس سے انسداد منشیات پولیس کو چکمہ دیے ہوئے تھا۔ 2015  میں اس کے خلاف بیس برس قید کی سزا کا حکم جاری ہوا تاہم وہ روپوش رہا۔ وہ سالانہ 50 سے 60 ٹن حشیش یورپی ملکوں کو بھیج رہا تھا۔ حشیش کی مجموعی قیمت کا تخمینہ 70 ملین یورو کے لگ بھگ ہے۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: