جدہ ایئرپورٹ کی میٹرو سروس میں کورونا ایس اوپیز پرعمل
جدہ ایئرپورٹ کی میٹرو سروس میں کورونا ایس اوپیز پرعمل
جمعہ 2 اپریل 2021 11:59
نئے ایئرپورٹ کا افتتاح سال 2019 میں کیا گیا تھا(فوٹو، سبق)
جدہ کے نئے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میٹرو سروس کے ذریعے مسافروں کو منتقل کرنے کےلیے کورونا ایس اوپیز پر مکمل طور پرعمل کیاجارہا ہے۔
میٹرو اور اسٹیشن پرسماجی فاصلے کےلیے علامات چسپاں ہیں جبکہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کےلیے اہلکاروں کو بھی متعین کیا گیاہے۔
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق جدہ کے شاہ عبدالعزیز نیو ایئرپورٹ پرٹرمینل نمبرون کے امیگریشن لاونچ سے مسافروں کو سفر کے لیے مخصوص لاونچ میں منتقل کرنے کےلیے خود کارمیٹرو سروس کے لیے 10 گاڑیاں مخصوص ہیں۔
میٹرو کے لیے بچھائی گئی لائن 750 میٹرطویل ہے جس کے ذریعے ایک گھنٹہ میں چار ہزار مسافروں کو منتقل کیا جاسکتا ہے۔ ایک گاڑی میں 67 افراد کی گنجائش ہے۔
میٹرو کے ذریعے اسٹیشن سے سفری لاونچ تک کی مسافت 47 سیکنڈ میں طے کی جاتی ہے۔ اسٹیشن پر میٹرو 170 سیکنڈ کے لیے ٹہرتی ہے بعدازاں خود کارطریقہ سے دروازے لاک ہو جاتے ہیں۔
میٹرو میں مسافروں کی حفاظت کےلیے جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں میٹرو میں نصب ایل ای ڈیز کے ذریعے فضائی سفری معلومات اور پروازوں کی آمد ورفت کےحوالے سے بھی شیڈول جاری کرنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
خیال رہے جدہ کے نئے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ کا افتتاح اگست 2019 میں کیا گیا تھا ۔ اس ہوائی اڈے کی تعمیر میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کا مقصد مسافروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
نیا ہوائی اڈا 8 لاکھ 10 ہزار مربع میٹرہر محیط ہے، انٹرنیشنل اور نیشنل پروازوں کے لیے 46 گیٹس ہیں جبکہ جہازوں سے مسافروں کو ٹرمنل لانے کےلیے 94 متحرک بریج بنائے گئے ہیں۔ بیک وقت 70 جہازٹرمنل پرکھڑے کیے جاسکتے ہیں۔
کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پرتعمیر کی جانے والی مسجد میں بیک وقت 3 ہزار 732 نمازیوں کی گنجائش ہے جبکہ 10 میٹرقطر او 14 میٹربلند مچھلیوں کا ایکوریم بھی بنایا گیا ہے جس میں انواع و اقسام کی مچھلیاں موجود ہیں۔