ویکسین لگوانا لازمی ہے یا ہر شخص کی اپنی مرضی؟
’سعودی عرب میں کورونا ویکسینز کی تقریباً 50 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں‘ (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے حلقوں میں گردش کرنے والے ایک اہم سوال کا جواب دیا ہے۔
پوچھا گیا تھا کہ کیا کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے یا ہر شخص کی اپنی مرضی ہے اور کیا ویکسین نہ لگوانے والوں کو بعض سہولتوں سے محروم کردیا جائے گا؟
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’وزارت صحت ان اداروں کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے جو یہ پابندی لگا چکے ہیں کہ ان کے وہی لوگ آسکتے ہیں جو کورونا ویکسین لگوا چکے ہوں۔ کئی ادارے اپنے یہاں آمد کے لیے بعض پابندیاں خصوصاً ایپلی کیشنز کی شرط بھی لگائے ہوئے ہیں۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’کورونا ویکسین بنیادی طور پر لازمی نہیں بلکہ ہر شخص کی اپنی مرضی پر ہے تاہم ویکسین بے حد اہم ہے اور معاشرے میں اس کا شعور موثر ثابت ہوگا۔‘
علاوہ ازیں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب میں کورونا ویکسینز کی تقریباً 50 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔‘