Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چنبیلی کا شہر‘ سرمایہ کاری کے لیے ’اہم مقام‘ ہوگا

اگلے دس سال میں سعودی عرب میں دس ارب چنبیلی کے درخت لگائے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے جنوبی صوبے جازان میں اگنے والے چنبیلی کے خوشبودار پودوں کو سرمایہ کاری کے بہترین موقع کے طور پر متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق صوبہ جازان نے سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ’چنبیلی کا شہر‘ نامی منصوبہ پیش کیا ہے۔ یہ منصوبہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ’گرین انیشی ایٹو‘ میں بھی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سحر آمیز خوشبو والے سفید پیلے چنبیلی کے پھولوں کو سعودی عرب میں خاص طور پر پسند کیا جاتا ہے۔ اکثر شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے موقع پر ان پھولوں سے سجاوٹ کی جاتی ہے۔
جازان میں چنبیلی کے پھولوں کا کاروبار کرنے کی غرض سے انہیں بڑے پیمانے پر اگایا جاتا ہے جبکہ ملک بھر میں بھی اکثر گھروں میں یہ خوبصورت پھول لگے ہوئے نظر آتے ہیں۔
جازان چیمبر آف کامرس کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ماجد الجوہری کے مطابق سالانہ 280 ٹن چنبیلی کا پھول کاشت ہوتا ہے، چنبیلی کا شہر جازان پھولوں کے تیل سمیت زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام ہے۔
ڈاکٹر ماجد الجوہری کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ’میڈ ان سعودی‘ منصوبے سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔
’چنبیلی کا شہر‘ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 126 ہزار چنبیلی کے درختوں سے 22 ہزار کلوگرام چنبیلی کا تیل نکالا جا سکتا ہے۔ 
ڈاکٹر ماجد الجوہری کے مطابق صوبہ جازان میں 2 لاکھ 27 ہزار 350 چنبیلی کے درخت ہیں، جبکہ 14 نرسریوں کے پاس چنبیلی کا پودا بیچنے کا لائسنس ہے۔
سعودی وزارت ماحول، پانی اور زراعت نے ایک کروڑ چنبیلی کے درخت لگانے کا ارادہ کیا ہے، جبکہ اگلے دس سال میں ملک بھر میں دس ارب چنبیلی کے درخت لگائے جائیں گے۔
جازان چیمبر آف کامرس کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ماجد الجوہری نے مزید بتایا کہ ’چنبیلی کا شہر‘ سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مقام ہوگا، صوبہ جازان زراعت کے شعبے میں آگے ہونے کے باعث اعلیٰ معیار کی سعودی مصنوعات بنانے کے لیے جانا جاتا ہے۔

شیئر: