الاحسا کے گلاب جس کی خوشبو پورے علاقے کو مہکا دیتی ہے
الاحسا کے گلاب جس کی خوشبو پورے علاقے کو مہکا دیتی ہے
ہفتہ 3 اپریل 2021 5:29
الحصاوی گلاب مملکت بھر میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ (فوٹو العربیہ)
موسم گرما کی شروعات اور سردی کی رخصتی کے ساتھ مشرقی سعودی عرب کی کمشنری الاحسا میں گلاب کی فصل تیار ہوجاتی ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی شہری ابو جواد نے بتایا کہ یہاں سات ہزار گلاب کے پودوں پر مشتمل اس کا زرعی فارم ہے۔
ابو جواد کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ چاول کی زراعت کے لیے مشہور ہے۔ 30 برس قبل اس نے حصاوی گلاب کا فارم قائم کیا تھا۔
ابو جواد نے بتایا کہ الحصاوی گلاب نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ مملکت بھر میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ اس کی خوبی یہ ہے کہ پودے سے توڑنے کے بعد بھی اس کی خوشبو سے پورا علاقہ مہک جاتا ہے۔ خواتین اور لڑکیاں اس سے ہار تیار کرتی ہیں اور بالوں میں استعمال کرتی ہیں۔
الاحسا کے لوگ چائے میں بھی یہ گلاب استعال کرتے ہیں۔
عبدالعظیم المطلق بھی گلابوں کا فارم قائم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے فارم کی خدمات کرتے ہیں۔ 33 برسوں سے حصاوی گلاب کی کاشت میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
المطلق کا کہنا ہے کہ علاقے میں سب سے بڑا فارم ان کا ہے۔ دن کے وقت سیاح گلاب کے فارم میں آتے ہیں ہمارے ساتھ مل کر گلاب کے پودے لگاتے ہیں اور گلاب توڑنے میں بھی ہماری مدد کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ عطر گلاب بھی تیار کرنے لگے ہیں۔ گلاب کثیر المقاصد ہے۔ یہ چائے، اور کھانے میں استعمال ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں خواتین اور بچیاں اس سے آرائش و زیبائش کا بھی کام لیتی ہیں۔
عبدالعظیم المطلق کا کہنا ہے کہ گلاب توڑنے کا موسم قریب آن پہنچا ہے۔ اس کی خوشبو پورے علاقے کو مہکا دیتی ہے۔ مقامی اور بیرونی لوگ الاحسا کے گلاب کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔ گلاب توڑنے کا مناسب وقت صبح سویرے کا ہے۔