جدہ .... اسلامی ترقیاتی بینک( آئی ڈی بی) کے چیئرمین ڈاکٹر بندر حجار نے واضح کیا ہے کہ آئی ڈی بی روس میں اسلامی بینکاری متعارف کرائے گی۔ وہ جدہ آئے ہوئے 3بڑے روسی بینکوں کے مشترکہ وفد سے ملاقات کے بعد اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری کے معاملات اور اسلامی معیشت کے عملی پروگراموں سے روس کے بینکوں کو آگاہ کیا جائیگا۔ اسلامی بینکاری کے امور سے روسی بینکوں کے کارکنان کومطلع کیا جائیگا۔ انہیں اسلامی بینکاری کی تربیت دی جائیگی۔ آئی ڈی بی اور وفاقی روس کے درمیان تعاون کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ روس سے آئے ہوئے وفد کی قیادت روس کے سینٹرل بینک کے نائب گورنر الیگزینڈر توشین کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ روس کا سینٹرل بینک آئی ڈی بی کے ساتھ شراکت اور تعاون کی تقویت کا خواہشمند ہے۔ سینٹرل بینک چاہتا ہے کہ مالیاتی خدمات اور بینکنگ شراکت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ 2016-17ءکےلئے بینک نے آئی ڈی بی سمیت مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کا فیصلہ کررکھا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ روسی وفد کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ اسلامک فنڈنگ کی قسمیں معلوم ہوںاور ہمارے یہاں رائج روایتی بینک سسٹم سے انکا تقابل کیا جائے۔ روسی بینکوں میں قانون ساز اتھارٹی کے ساتھ بینکنگ شراکت کیلئے سہولتیں پیدا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مئی 2016ءکے دوران شراکت و تعاون کے لئے 4مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیلئے آئی ڈی بی کے شکر گزار ہیں۔ روس کے سینٹرل بینک، ترقیاتی بینک، عالمی تعاون بینک، اسپیئر بینک اور ٹاٹ فونڈ بینک، آئی ڈی بی کے ساتھ تعاون و شراکت کے پروگرام میں شامل ہیں۔ روسی وفد آج منگل کو بھی آئی ڈی بی کی اسپیشلسٹ ٹیکنیکل ٹیموں کے ساتھ اجلاس جاری رکھے گا۔ آئی ڈی بی نے وفاقی روس میں مسلم اقلیتو ںکیلئے 7.4ملین ڈالر لاگت کے 29منصوبوں کے نفاذ کی منظوری دیدی ہے۔ ان میں قازان میں اسلامی یونیورسٹی کا قیام ، سارا طوف میں میڈیکل کلینک اور اسلامک انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں۔