سعودی خاتون فٹبالر ایڈیڈاس کی برانڈ سفیر مقرر، ’اپنے خوابوں کا تعاقب کریں‘
سعودی خاتون فٹبالر ایڈیڈاس کی برانڈ سفیر مقرر، ’اپنے خوابوں کا تعاقب کریں‘
بدھ 7 اپریل 2021 10:34
فرح جفری پہلی سعودی خاتون ہیں جو مشرق وسطیٰ میں ایڈیڈاس کی نمائندگی کریں گی۔ (فوٹو: فرح جفری ٹوئٹر)
گذشتہ چند سالوں میں سعودی عرب کی خواتین کھلاڑیوں نے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ اسی دوران انہوں نے سخت محنت سے چھوٹی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی خواتین متحرک رہنے کے نئی راہیں تلاش کر رہی ہیں۔ ان میں سے کچھ حقیقی مواقع سے لاعلمی کے باوجود بھی دنیائے فٹبال کا رخ کر رہی ہیں۔
سعودی سپورٹس میں ایک قابل ذکر نام امریکہ میں تعینات سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر کا ہیں۔
سفارتکاری سے پہلے شہزادی ریمان بنت بندر نے جنرل سپورٹس اتھارٹی میں بطور ڈپٹی پلاننگ اور ڈیویلپمنٹ کام کیا جہاں انہوں نے مملکت کی سپورٹس معیشت کی ترقی اور سٹریٹیجک شراکت داری کے لیے کام کیا۔
گذشتہ دسمبر مملکت میں پہلی خواتین فٹبال لیگ کا انعقاد ہوا تھا جس میں پوری مملکت سے 24 ٹیموں نے حصہ لیا اور کامیاب ہو کر خوشیاں ساتھ لے جانے کی جدوجہد کی تھی۔
پیر کو سعودی خواتین نے کھیلوں کے میدان میں ایک اور کامیابی حاصل کی، ان میں سے ایک کو کھیلوں کی مصنوعات کی کمپنی ایڈیڈاس نے اپنا برانڈ سفیر مقرر کیا ہے۔
جرمن برانڈ ایڈیڈاس نے اعلان کیا کہ جدہ ایگلز کی مڈفیلڈر فرح جفری کو برانڈ سفیر مقرر کیا ہے۔
فرح جفری پہلی سعودی خاتون ہیں جو مشرق وسطیٰ میں ایڈیڈاس کی نمائندگی کریں گی۔
18 برس کی جفری نے عرب نیوز کو بتایا کہ انہوں نے ایک دہائی قبل فٹبال شروع کیا۔ ان کا خواب تھا کہ وہ ایک پروفیشنل کھلاڑی کی حیثیت میں کھیلیں۔
فرح جفری کا کہنا ہے کہ ’ایڈیڈاس ایک معروف کمپنی ہے، میں اس کا حصہ بننے پر خوش ہوں، امید ہے کہ یہ مستقل میں دیگر سعودی خواتین فٹبالرز کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔‘
فرح جفری نے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ یہاں تک پہنچنا آسان نہیں تھا۔
انہوں نے جدہ ایگلز فٹبال کلب سے تربیت لی ہیں۔ ’پہلے میرے لیے مشکل تھا کیونکہ میں ٹیم کی سب سے کم عمر کھلاڑی تھی اور ان کے ساتھ کھیل رہی تھی جو میرے مقابلے میں زیادہ تجربہ کار تھے۔‘
فرح جفری کے مطابق ایک پروفیشنل فٹبالر کے لیے پریکٹس بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’لوگوں یا خیالات سے مایوس نہ ہوں، کچھ رکاوٹیں ہو سکتی ہیں لیکن آخر میں یہ سب ٹھیک لگتے ہیں۔ اگر آپ پر حوصلہ ہیں تو اپنے خوابوں کا تعاقب کریں۔ جلد یا بدیر باقی سب ان کے ساتھ ہم آہنگ ہو جائے گا۔‘