الجزائر میں 4 بچوں کا لرزہ خیز قتل ، گٹر میں ڈال کر نذر آتش کردیا
جمعرات 12 دسمبر 2024 22:05
بچوں کے والد کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
الجزائر میں چار بچوں کے لرزہ خیز قتل اور نذر آتش کیے جانے والے واقعے نے معاشرے کو دہلا دیا۔ بچوں کے والد کو ہولناک قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقتولین کی عمریں چار سے 11 برس تھیں۔
العربیہ نیوز نے الجزائری میڈیا کے حوالے سے ہولناک واردات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ الجزائری دارالحکومت سے 612 کلو میٹر دور ’واد نشو‘ شہر میں پیش آنے والی واردات کے بارے میں لوگوں کا کہنا ہے کہ ماہر نفسیات معاشرے میں پیدا ہونے والی اس خطرناک فکر کا تدارک کرنے کےلیے آگے آئیں۔
الجزائری میڈیا کے مطابق واردات کے بارے میں علاقے کے ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ رات کو نصف شب کے بعد پڑوس میں سے بچوں کے چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔
نواجوان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے تو یہ سمجھا کہ بچے معمول کے مطابق آپس میں لڑائی کررہے ہیں مگر جب چیخوں میں مدد کے لیے بھی پکارا جانے لگا تو معاملے کی سنگینیت کا احساس ہوا جس پر گھر سے باہر نکل کر قریبی مکان کا جائزہ لیا تو یہ دیکھ کر پیروں تلے زمین نکل گئی کہ ایک شخص بچوں کو گٹر میں گھسانے کے بعد انہیں نذر آتش کررہا تھا۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ یہ منظر مجھ سے دیکھا نہیں گیا جس پر میں نے بھی اہل محلہ کو مدد کےلیے پکارا ۔ تھوڑی ہی دیرمیں وہاں بہت سے لوگ جمع ہو گئے اسی دوران وہ شخص وہاں سے فرار ہو گیا۔
اہل محلہ نے فوری مدد کے لیے اقدامات کرنے کے ساتھ ہی علاقے کی پولیس کو بھی طلب کرلیا جنہوں نے گٹرمیں پھنسی چاروں نعشوں کو نکالا اور ملزم کی تلاش کےلیے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔ پولیس ٹیم نے جلد ہی ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے بارے میں کہا جارہا ہے وہ بچوں کا باپ ہے۔
اس واقعے سے سوشل میڈیا پر سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے لوگوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات ماضی میں سننے میں نہیں آئے تھے مگر کچھ عرصے سے خانگی تشدد کے واقعات سنائی دے رہے ہیں۔
لوگوں نے ماہرین نفسیات سے مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ میدان میں آئیں اور ایسے کیسز کے بارے میں تحقیق کریں تاکہ انکا تدارک کیا جاسکے۔