’رمضان کے لیے اشیائے ضرورت وافر مقدار میں موجود ہیں‘
آن لائن کنٹرول پروگرام کے ذریعے 200 سے زیادہ اشیا کے نرخ کنٹرول کیے جارہے ہیں (فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں ضروری سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔ مملکت کے متعدد علاقوں میں تجارتی مراکز کے دو ہزار سے زیادہ دورے کرکے اس بات کا اطمینان کر لیا گیا ہے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان نے بتایا کہ ’وزارت کے انسپکٹرز رمضان شروع ہونے سے قبل مملکت کے بیشترعلاقوں کے تفتیشی دورے کرتے ہیں۔ یہ دورے چار مقاصد کے تحت کیے جاتے ہیں۔‘
پہلا مقصد یہ جاننا ہوتا ہے کہ رمضان کے لیے صارفین کو مطلوب اشیا وافر مقدارمیں مہیا ہیں یا نہیں۔ دوسرا مقصد اشیا کے معیار کا پتہ لگانا ہوتا ہے۔ اس حوالے سے تجارتی جعلسازی اور نقلی اشیا پر خاص نظر رکھی جاتی ہے۔
تفتیشی دوروں کا تیسرا ہدف اس بات کا اطمینان حاصل کرنا ہوتا ہے کہ تجارتی مراکز کی رمضان پیشکشیں حقیقی ہیں۔ اس مقصد کے لیے 10 ملین سے لے کر 15 ملین تک اشیا کے بارے میں پیشکشیں چل رہی ہیں۔
تفتیشی دوروں کا چوتھا ہدف اشیائے ضرورت کے نرخوں کی نگرانی ہے۔ آن لائن کنٹرول پروگرام کے ذریعے 200 سے زیادہ اشیا کے نرخ کنٹرول کیے جا رہے ہیں۔
وزارت تجارت ہر ماہ تجارتی مراکز کو دو ہزار سے لے کر تین ہزار تک رعایتی سیل کے لائسنس جاری کر رہی ہے۔ رمضان کے دوران رعایتی نرخوں والی اشیا کی تعداد 15 ملین تک پہنچ گئی ہے۔