سعودی عرب میں سنگین ٹریفک حادثات اور اموات میں کمی
ٹریفک حادثات کے باعث نقصانات سے چھ ارب ریال کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ( فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران سعودی عرب میں سنگین ٹریفک حادثات میں 34 فیصد اور اموات میں 51 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ماضی میں فی ایک لاکھ افراد پر 28 اموات ہو رہی تھیں۔ اب ایک لاکھ پر اموات کی شرح 13.5 ہوگئی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’ٹیکنالوجی سے مثالی استفادے کی بدولت ٹریفک نظام میں ڈسپلن پیدا ہوا ہے۔ سعودی حکومت نے ٹریفک سلامتی پر وژن 2030 کے تحت بڑی توجہ دی اور متعلقہ اداروں نے مل کر وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں حصہ لیا۔‘
وزیر داخلہ نے مزید کہا ’قومی تبدیلی پروگرام کے بعد 2016 سے 2019 کے دوران ٹریفک حادثات میں بھی کمی واقع ہوئی اور حادثات سے ہونے والے نقصانات بھی کم ہوئے۔ ٹریفک حادثات سے ہونے والے نقصانات سے چھ ارب ریال کی کمی ریکارڈ کی گئی۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب نے قومی تبدیلی پروگرام کے تحت ٹریفک سلامتی کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے مملکت میں ٹریفک سلامتی کے فروغ کے لیے مضبوط نظام قائم کیا۔
ٹریفک سلامتی قانون پر موثر عمل درآمد کی وجہ سے گزشتہ تین برسوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 46 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اہم خلاف ورزیوں میں 54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔