مصری صدر نے حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔( فوٹو اے پی)
مصر میں اتوار کو ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 16 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 102 تک پہنچ گئی ہے۔
مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت و آباد کاری کے ترجمان نے ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 12 اور زخمیوں کی تعداد97 بتائی ہے۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم مصطفی المدبولی کو قاہرہ سے المنصورہ شہر جانے والی طوخ ٹرین کے حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔
مصری وزیراعظم نے محکمہ جاتی کنٹرول بورڈ، مصری افواج کی انجینیئرنگ کونسل، آرمی ٹیکنیکل کالج اور انجینیئرنگ کے کالجوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔
مصری وزیراعظم نے اعلی تعلیم اور صحت کے وزرا کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں میں زخمیوں کے علاج کی نگرانی کریں اور انہیں تمام سہولت فراہم کرائیں۔ سماجی کفالت کی وزیر کو ٹرین حادثے کے متاثرین کو معاوضے دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی عرب کا ٹرین حادثے پر اظہار افسوس
سعودی وزارت خارجہ نے مصر میں ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب نے بیان میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ، مصری قیادت، حکومت اور عوام سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی فوری شفایابی کی آرزو ظاہر کی ہے۔