Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی اعمار انٹرٹینمنٹ کا سعودی عرب میں سینما کھولنے کا منصوبہ

تین سالوں میں سعودی عرب کے 12 شہروں میں 34 سینما کھولے گئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
متحدہ عرب امارات کی کمپنی اعمار انٹرٹینمنٹ سعودی عرب میں سینما گھر کھولنے جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اعمار انٹرٹینمنٹ سعودی کمپنی جی او ایس آئی انوسٹمنٹ کی شراکت داری کے ساتھ ملک بھر میں ’ریل سینما‘ کھولے گی۔
اعمار کی جانب سے پیر کو شائع ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شراکت داری کے تحت سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ مارکیٹ کو تیزی سے پھیلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق اگلے پانچ سالوں میں ملک بھر میں 20 سینما گھر اور فیملی انٹرٹینمنٹ سنٹر قائم کیے جائیں گے۔
اس منصوبے کے تحت 270 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور سعودی عرب میں ’ریل سینما‘ کھولے جائیں گے۔ پہلے سینما کی لانچ دارالحکومت ریاض میں دسمبر کے مہینے میں ہو گی۔
اس منصوبے کا اعلان سعودی عرب میں سینما گھر کھلنے کی تیسری سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے۔
ملک میں پہلا سینما 18 اپریل 2018 میں دارالحکومت ریاض میں کھولا گیا تھا۔ حال ہی میں ایک اور سینما حائل شہر میں کھولا گیا ہے جس میں 10 سکرینز لگی ہوئی ہیں جبکہ ایک ہزار 309 شائقین کی گنجائش ہے۔
گزشتہ تین سالوں میں سعودی عرب کے 12 شہروں میں 34 سینما گھر کھولے گئے ہیں، جبکہ اگلے کچھ عرصے میں 70 نئے سینما کھولے جائیں گے۔

سعودی عرب میں اپریل 2018 میں پہلا سینما کھولا گیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ان تین سالوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ سینما کے ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں جبکہ 2 ہزار 500 کے قریب نوکریوں کے مواقع پیدا ہوئے۔
سعودی عرب کی مقامی کمپنی ایم یو وی آئی سینما نے رواں ماہ میں 820 ملین سعودی ریال کی لاگت سے توسیعی منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی نے اگلے 12 ماہ کے دوران ملک بھر میں 307 سکرینز لگانے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ 23 نئے مقامات پر 204 سکرینز لگائی جائیں گی۔
ایم یو وی آئی کے سربراہ سلطان الحوکیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں باکس آفس کی افزائش اور مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کے بعد 23 نئے مقامات پر سینما کھولنے کے لیے تیار ہیں جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے۔

شیئر: