حائل میں پہلے سنیما گھر کا افتتاح
’سعودی فلمی صنعت کو آگے لے جانے کے لیے کوشاں ہیں، عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘ ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں بصری اور صوتی ذرائع ابلاغ کی جنرل اتھارٹی نے حائل میں پہلے سنیما گھر کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر فلمی صنعت اور میڈیا کی نمایاں شخصیات موجود تھیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سینیما گھر میں 10 سکرینیں اور 1309 نشستیں ہیں۔ اس طرح سعودی عرب میں سینیما گھروں کی مجموعی تعداد 33، سکرینوں کی مجموعی تعداد 342 اور نشستوں کی مجموعی تعداد 35 ہزار ہو گئی ہے۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’سعودی فلمی صنعت کو آگے لے جانے کے لیے کوشاں ہیں۔ سعودی عرب فلمی صنعت میں عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے‘۔
’ اس شعبے میں ترقیاتی اقدامات سے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا‘۔
اتھارٹی نے زور دیا کہ احتیاطی اقدامات، حفاظتی تدابیر اور صحت کے حوالے سے ہدایات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔