Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان سینٹر کی پاکستان کے لیے 15 لاکھ ڈالر کی طبی امداد

سعودی سفارت خانے کے مطابق طبی امداد کی کھیپ کی مالیت 15 لاکھ ڈالر ہے (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے شاہ سلمان سنیٹر برائے انسانی ہمدردی کی طرف سے طبی سامان پر مشتمل امدادی کھیپ پاکستان کے حوالے کی ہے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق اس کھیپ کی مالیت 15 لاکھ ڈالر ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز خان بھی شریک ہوئے۔
شاہ سلمان سنیٹر برائے انسانی ہمدردی ماضی میں بھی پاکستان کی مدد کرتا رہا ہے جبکہ اس کی طرف سے دوسرے ممالک کو بھی امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
13 اپریل کو بھی شاہ سلمان ہیومینٹری ایڈ اینڈریلیف سینٹر(کے ایس ریلیف) نے یمن، البانیہ اور پاکستان و دیگر مسلم ممالک میں رمضان فوڈ پیکٹس کی تقسیم کے خصوصی منصوبوں کا آغاز کیا تھا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے  کے مطابق ’امدادی مرکز کی جانب سے غذائی اشیا کے جو پیکٹ تقسیم کیے گئے جو ایک مہینے تک پورے کنبے کی ضرورت پوری کر سکتے ہیں۔
انسانی خدمت میں تعاون سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر کی مدد سے سعودی مرکز 12 ملین ڈالر مالیت کے مختلف پروگراموں میں مدد دے رہا ہے۔
رواں سال فروری میں کے ایس ریلیف نے یمن میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ 40 ملین ڈالرکے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اسلام آباد میں ہونے والے تقریب میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز خان بھی شریک ہوئے (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)

اس کا مقصد یمن میں غذائی عدم تحفظ کے تجزیے کے لیے انضمام شدہ فوڈ سکیورٹی فیز کی درجہ بندی رپورٹ کے ساتھ مل کر یمنی عوام کی غذائی تحفظ اور ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
علاوہ ازیں کے ایس امدادی  مرکز نے البانیہ کے دارالحکومت ترانہ میں بیواؤں، یتیموں اور ضرورت مندوں میں 830 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں۔ اس امداد سے 4150 افراد مستفید ہوئے۔
دریں اثنا کنگ سلمان امدادی مرکز نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں  میں رمضان فوڈ کے 2525  تھیلے  تقسیم کیے۔ یہ امداد 15 ہزار150 افراد کی رمضان ضروریات پوری کر سکے گی۔
حالیہ رپورٹ کے مطابق یمن کو  سب سے زیادہ 3.47 ارب ڈالر کی امداد دی گئی ہے۔ اس کے بعد فلسطین کا نمبر آتا ہے، جس کو 363 ملین ڈالرکی امداد دی گئی جبکہ شام کو 305 ملین ڈالراور صومالیہ کو 202 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی گئی۔
واضح رہے کہ کنگ سلمان امدادی  مرکزنے مئی 2015 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک 59 ممالک میں 5.5 بلین ڈالر کے 1536  امدادی منصوبے مکمل کیے ہیں۔

شیئر: