انڈین ریاست مہاراشٹر کے ہسپتال میں آتشزدگی، کورونا کے 13 مریض ہلاک
یہ واقع ایک ایسے وقت ہوا ہے جب انڈین ریاست مہاراشٹر کورونا وائرس کے دوسری لہر سے لڑ رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر میں ممبئی شہر کے قریب ویرار کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے آئی سی یو میں موجود 13 کورونا مریض ہلاک ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعے کو آگ بجھانے والے محکمے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 'آگ لگنے کے وقت ویجے ولابھ ہسپتال کے آئی سی یو میں 17 مریض موجود تھے، جن میں سے 13 ہلاک ہوگئے جبکہ چار کو دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ویجے ولابھ ہسپتال کے سی ای او دلیپ شاہ نے جمعے کی صبح صحافیوں کو بتایا کہ 'جب (آگ لگنے کا) واقعہ پیش آیا اُس وقت ہسپتال میں 90 مریض زیر علاج تھے۔'
مریضوں کے لواحقین جو ہسپتال کے باہر انتظار کر رہے تھے، کا کہنا تھا کہ آگ کا سنتے ہی وہ ہسپتال کی طرف دوڑے۔
اویناش نامی عینی شاہد نے صحافیوں کو بتایا کہ، 'مجھے رات تین بجے کے قریب اپنے ایک دوست کی کال آئی جس کی ساس ہسپتال میں داخل تھیں۔ جب میں وہاں پہنچا تو میں نے دیکھا کہ آگ بجھانے والی گاڑیاں باہر موجود تھیں۔ دوسری منزل پر آئی سی یو دھوئیں میں گھِرا ہوا تھا۔ صرف دو نرسیں وہاں موجود تھیں اور مجھے کوئی ڈاکٹر نظر نہیں آرہا تھا۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ، 'آگ بجھانے والے عملے کو آگ بجھانے میں آدھا گھنٹہ لگا۔ ہمیں وہاں آٹھ، 10 لاشیں نظر آرہی تھیں۔'
تاہم گذشتہ رات ہپستال میں کوئی ڈاکٹر نہ ہونے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے ہسپتال کے سی ای او کا کہنا تھا کہ 'ڈاکٹرز موجود تھے۔'
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہسپتال آگ سے بچنے کے تمام اقدامات پر عمل پیرا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب انڈین ریاست مہاراشٹر کورونا وائرس کی دوسری لہر سے لڑتے ہوئے کیسز میں حد سے زیادہ اضافے کا مقابلے کر رہی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو مہاراشٹر کے شہر ناسک میں ایک ہسپتال کے باہر آکسیجن ٹینکر کے لیک ہونے سے کورونا وائرس کے 24 مریض ہلاک ہوگئے۔
انڈین نیوز چیل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات سے 67 ہزار نئے کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 40 لاکھ کیسز کے ساتھ مہاراشٹر ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے۔