سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 98 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 5 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 9 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد چھ ہزار 878 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد نو ہزار660 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 205 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 454 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 244 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
شرقیہ ریجن میں 171، عسیر ریجن میں 44، مدینہ ریجن میں 42، تبوک ریجن میں 28، القصیم ریجن میں 28، جازان ریجن میں 23، حائل ریجن میں 20، الحدود الشمالیہ ریجن میں 13، الجوف ریجن میں 11، نجران ریجن میں 10، جبکہ الباحہ ریجن میں 10 مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 10 ہزار 191 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 93 ہزار 653 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘