Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی آفت کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے: عمران خان کا انڈیا کو پیغام

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے بری طرح متاثرہ پڑوسی ملک انڈیا کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ’میں کورونا کی مہلک ترین لہر کا سامنا کرنے والے ہندوستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔‘
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ہم اپنے ہمسایوں سمیت دنیا بھر میں وبا کی زد میں آنے والوں کی جلد شفایابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انسانیت پر حملہ آور اس آفت کا ہمیں باہم مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔‘ 
خیال رہے کہ انڈیا میں سنیچر کو تین لاکھ 46 ہزار سے زائد نئے کیسز کے ساتھ تین دن میں تقریبا ایک ملین انفیکشن ریکارڈ ہوئے ہیں۔
دہلی کے جے پور گولڈن ہسپتال میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے 20 افراد کی موت ہو گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں آکسیجن کی ترسیل کے لیے ٹرینیں چلا رہے ہیں جبکہ فضائیہ کے ذریعے بھی آکسیجن ٹینکرز سپلائی کیے جائیں گے۔
کورونا کی دوسری لہر کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ملک کے مختلف ہسپتالوں میں آکسیجن، وینٹیلیٹر اور بستر کی بھی شدید کمی ہے۔

’انسانیت کی جیت ہونی چاہیے‘

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جہاں انڈین عوام مدد کی اپیل کر رہے ہیں وہیں پاکستان کے عوام بھی ٹوئٹر پر انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سرحد پار ہمسائیوں کی ہمت بڑھاتے نظر آ رہے ہیں۔
پاکستانی صارفین ٹوئٹر پر ’پاکستان سٹینڈز ود انڈیا‘ کا ٹرینڈ چلا رہے ہیں اور حکومت سے اپیل کر رہے ہیں کہ انڈین عوام کی مدد کی جائے۔
پاکستانی سنگر فرحان سعید نے لکھا کہ ’اس مشکل وقت میں انڈین عوام کے ساتھ ہماری دعائیں۔ اللہ انڈیا اور پوری دنیا کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ یہ جان لیں کہ ہم آپ کے لیے دعا گو ہیں۔ بہت خوشی ہو رہی ہے یہ دیکھ کر کہ پاکستان سٹینڈز ود انڈیا اس وقت پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ ہے۔ انسانیت کی جیت ہونی چاہیے۔‘
پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات مشکل کی اس گھڑی میں انڈین عوام کے ساتھ کھڑی نظر آرہی ہے۔
صارف اسامہ خلجی نے لکھا کہ ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز یہ بتا رہے ہیں کہ سیاسی کشیدگی کے باوجود، سرحد کے دونوں اطراف کے لوگوں میں ایک دوسرے سے بے حد محبت ہے۔
’عوام کو ملنے دیں، ایک دوسرے کا ساتھ دیں، معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کریں۔ لوگ صرف جنگ میں ہار جاتے ہیں۔‘
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نیک تمناؤں کے پیغامات موصول ہونے کے بعد انڈین صارفین پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیے۔
ٹوئٹر ہینڈل لیسیپریا کانگوجام نے لکھا ’شکریہ پاکستان، ہم سرحد کے ذریعے تقسیم ضرور ہیں لیکن ہم ایک ہی ہوا سے سانس لیتے ہیں۔‘

صارف فواد بشیر نے لکھا کہ ’ہیلو نیبرز، تنہا محسوس نہ کریں.. ہم آپ کے ساتھ ہیں۔۔۔۔۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کی نجی رفاہی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی جانب سے کی گئی پیشکش میں ’ایمبولینسوں اور رضاکاروں کی ٹیم انڈیا بھیجنے‘ کا کہا گیا ہے۔

شیئر: