Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی انڈیا کو ونٹیلیٹرز، طبی سامان فراہم کرنے کی پیشکش

انڈیا میں سنیچر کو تین لاکھ 46 ہزار سے زائد نئے کیسز کے ساتھ تین دن میں تقریبا ایک ملین انفیکشن ریکارڈ ہوئے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان نے موجودہ کورونا وبا کی لہر کے دوران انڈین عوام سے اظہار یکجہتی اور خیر سگالی کے طور پر انڈیا کو ونٹی لیٹرز، ڈیجیٹل ایکسرے، پی پی ایز اور متعلقہ اشیا فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام مذکورہ اشیا کی فوری فراہمی کے لیے طریقہ کار طے کر سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکام کورونا کی وجہ سے درپیش چیلینج سے نمٹنے کے لیے مزید تعاون کے طریقوں پر غور کر سکتے ہیں۔

 

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹیلی ویژن چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے انڈیا کو مدد کی پیشکش جذبہ خیرسگالی کے طور پر کیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ انڈیا سے تشویش ناک خبریں آرہی ہے۔ ’دفتر خارجہ میں انڈین ہائی کمشنر کو بلایا گیا اور تعاون کی پیشکش کی گئی۔‘
ان کا کہنا تھا ’انڈیا کو ونٹی لیٹرز، ایکسرے اور ماسک سمیت جو کچھ ہو پایا فراہم کریں گے۔‘
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر انڈیا کا جواب مثبت آیا تو براستہ واہگہ معاونت فراہم کی جائے گی۔

خیال رہے قبل ازیں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے بری طرح متاثرہ پڑوسی ملک انڈیا کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
اتوار کو اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ’میں کورونا کی مہلک ترین لہر کا سامنا کرنے والے ہندوستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ہم اپنے ہمسایوں سمیت دنیا بھر میں وبا کی زد میں آنے والوں کی جلد شفایابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انسانیت پر حملہ آور اس آفت کا ہمیں باہم مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ انڈیا میں سنیچر کو تین لاکھ 46 ہزار سے زائد نئے کیسز کے ساتھ تین دن میں تقریبا ایک ملین انفیکشن ریکارڈ ہوئے ہیں۔
 

شیئر: