متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ’افریقہ کے ساحلی ممالک میں امن و استحکام کے لیے انسداد دہشتگردی کی عالمی مہم میں حصہ لیں گے۔ فرانس اس کی قیادت کررہا ہے۔ لاجسٹک مدد کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی‘۔
اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق ابوظبی سے پہلی پرواز افریقہ کے ساحلی ممالک کے لیے روانہ کرتے وقت منعقدہ تقریب میں میجر جنرل صالح العامری اور امارات میں متعین فرانسیسی سفیر شریک ہوئے۔ العامری وزارت دفاع میں مشترکہ آپریشن کے کمانڈر ہیں۔
العامری نے کہا کہ ’امارات کی کوششوں کی بدولت افریقہ کے ساحلی ممالک میں امن و استحکام بحال ہوگا‘۔
امارات میں فرانس کے سفیر نے کہا کہ’ افریقہ کے ساحلی ممالک میں امن و استحکام آپریشن میں حصہ لینے پر فرانس، امارات کا شکر گزار ہے‘۔
پروگرام کے مطابق اماراتی افواج انسانی اور امدادی سامان پروازوں کے ذریعے متاثرہ افریقی ممالک میں منتقل کریں گی۔ اماراتی افواج کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر انسانیت نواز آپریشن کا بڑا تجربہ ہے۔