Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں، او آئی سی، امارات اور بحرین کی مذمت

حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں- (فوٹو عاجل)
اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی، متعدد مسلم و عرب ممالک خصوصا امارات اور بحرین نے خمیس مشیط پر بارود بردار ڈرون سے حوثیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کردی-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے  بیان جاری کرکے  خمیس مشیط پر نئے ڈرون حملے سمیت سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملوں اور ڈرونز حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی- او آئی سی کے سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین نے  حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں پر سعودی عرب کے  ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا- انہوں نے کہا کہ او آئی سی سعودی سول تنصیبات اور شہریوں پر حوثیوں کے مسلسل حملوں کی مذمت کرتی ہے اور یقین دلانا چاہتی ہے کہ سعودی عرب اپنے امن و استحکام کے لیے جو اقدامات کرے گا او آئی سی اس کے  ساتھ ہوگی-
متحدہ عرب امارات کے دفتر خارجہ نے بیان جاری کرکے  کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی سعودی عرب کی سول تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے جان بوجھ کر منصوبہ بند طریقے سے حملے کرکے یہ جتا رہے ہیں کہ بین الاقوامی  قوانین و روایات کی ان کی نظر میں کوئی حیثیت نہیں- وہ عالمی برادری کو کھلا چیلنج دے رہے ہیں- امارات نے حملوں کے خلاف سعودی عرب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا-
بحرین کے دفتر خارجہ نے کہا کہ حوثیوں کے یہ دہشتگردانہ حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں- بحرین کا کہنا  ہے کہ حوثی  علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں- یہ سعودی عرب پر حملے جاری رکھنے کے  سلسلے میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: