رز احمد نے اہلیہ کے بال درست کرنے کے لیے آسکر ریڈ کارپٹ رکوا دیا
رز احمد ’ساؤنڈ آف میٹل‘ کے لیے آسکر نامزدگیوں میں شامل تھے (فوٹو: اے ایف پی)
رز احمد کے نام سے معروف برطانوی ریپر اور اداکار رضوان احمد نے آسکر ایوارڈز کے دوران ریڈکارپٹ پر رک کر اہلیہ کے بال درست کیے تو یہ لمحہ سوشل میڈیا سمیت روایتی میڈیا کا اہم موضوع بن گیا۔
دنیا بھر میں رز احمد کا اپنی اہلیہ فاطمہ فرحین مرزا کا بال درست کرنے کا اقدام ناصرف دیکھنے والوں کو محظوظ کرتا رہا بلکہ سوشل میڈیا پر ان کے فینز اسے ’بہترین رومانوی انداز‘ قرار دیتے رہے۔
اتوار کی رات ہونے والے آسکر ایوارڈز کی تقریب میں شریک رز احمد اور فاطمہ فرحین مرزا کی شادی کچھ عرصہ قبل ہوئی ہے۔
لاس اینجلس کے یونین اسٹیشن میں ریڈکارپٹ پر تصاویر بنواتے وقت جب رز احمد نے اہلیہ کے بال درست کیے تو کہا کہ ’میں آفیشل گرومر ہوں‘۔
ورائٹی کی جانب سے یہ لمحہ ویڈیو میں محفوظ کر کے شیئر کیا گیا تو تھوڑی سی دیر میں یہ انٹرنیٹ باالخصوص سوشل میڈیا کے وائرل موضوعات میں شامل ہو چکا تھا۔
رزاحمد کی جانب سے اہلیہ کی معاونت کو یادگار لمحے کے طور پر دیکھنے والے صارفین ہلکے پھلکے مزاح کا تڑکہ لیے سامنے آئے تو ڈیجیٹل ڈیوائسز کی وائس کمانڈ کے لیے استعمال ہونے والے نام الیگزا سے اسے دوبارہ پلے کرنے کا تقاضہ کرتے رہے۔
کچھ صارفین نے رزاحمد کے اس اقدام کو ’بہترین انسانی کاوش‘ کہا تو اہلیہ کے لیے محبت و احترام بھرے جذبات پر انہیں سراہا بھی۔ زہرا نامی ایک ہینڈل نے رز احمد اور اہلیہ کی تصویر پر تبصرے میں لکھا ’میں اس سے قبل کبھی بھی رز احمد سے ایسی محبت میں مبتلا نہیں ہوئی تھی جیسی آج محسوس کر رہی ہوں‘۔
93ویں اکیڈمی ایوارڈز پہلا بڑا موقع ہیں جب کہ رز احمد اور ان کی اہلیہ فاطمہ فرحین ایک ساتھ کسی تقریب میں شریک ہوئے ہیں۔