آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں شیڈول یہ میچ مسلسل بارش سے متاثر ہوتا رہا اور یوں ٹاس بھی ممکن نہ ہو سکا۔
مزید پڑھیں
دونوں ٹیموں کو بارش کے باعث میچ نہ ہونے پر ایک ایک پوائنٹ دیا گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ میچ محض رسمی کارروائی ہی ثابت ہونا تھا کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھیں۔
اس میچ کے اختتام کے ساتھ ہی پاکستان اور بنگلہ دیش کا چیمپئنز ٹرافی میں سفر بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں صرف ایک ایک پوائنٹ ہی حاصل کر سکیں۔
پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست ہوئی۔
اسی طرح گرین شرٹس کو ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف انڈیا سے چھ وکٹوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کرکٹ شائقین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ایمن مزاحیہ انداز میں پی سی بی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’انڈور میچ کروا لو ٹُک ٹُک ہی تو کرنی ہے۔‘
ایکس صارف ایچ ٹی ایم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’بارش کی وجہ سے کوئی بھی تنگ نہیں پڑ رہا۔ کوئی غصے والی ٹویٹس نہیں کر رہا، کوئی نہیں کہہ رہا کہ یا اللہ بارش روک دے۔ پاکستان ٹیم سے سب اتنا زیادہ اکتا گئے ہیں۔‘
ہمانشو پریک لکھتے ہیں کہ ’پاکستان کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر ساؤتھمٹن راولپنڈی میں آسمان تک رو رہا ہے۔‘
عاطف نواز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم اب راولپنڈی سوئمنگ پول بن گیا ہے۔‘
ساؤربھ ملہوترا نے دلچسپ انداز میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’راولپنڈی کا موسم بہترین کوشش کر رہا ہے کہ پاکستان کو ایک پوائنٹ مل جائے۔‘