کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے لیے ضمنی انتخاب جمعرات کو منعقد ہو رہا ہے۔
اس حلقے کی آبادی 8 لاکھ کے لگ بھگ ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 39 ہزار 591 ہے۔ یہاں مختلف قومیتوں کے لوگ سالہا سال سے آباد ہیں، اور حلقے کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوکری اور مزدور پیشہ افراد پر مشتمل ہے۔
سنہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں اس حلقے میں تین جماعتوں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کے مابین مقابلہ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں
-
’ن لیگ ٹھنڈے دماغ سے سیاست کرے، آر یا پار کی سیاست نہیں چل سکتی‘Node ID: 554261
-
نا اہلی کیس، فیصل واوڈا کو پیشی سے استثنیٰNode ID: 554901
-
اشتعال انگیز تقریر کیس، ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف گرفتارNode ID: 561156
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا نے 35,349 ووٹ لے کر یہ نشست جیتی تھی جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف محض 723 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔ انہوں نے 34،626 ووٹ حاصل کیے تھے۔
ٹی ایل پی کے امیدوار 23 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے اس الیکشن میں تیسرے نمبر پر رہے۔
رواں سال مارچ میں جب اس حلقے سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا سینیٹر منتخب ہو کر قومی اسمبلی سے مستعفی ہو گئے تو تمام جماعتوں نے اس حلقے کے ضمنی انتخاب کو اپنے لیے ایک موقع سمجھا۔
تاہم اس ضمنی انتخاب میں مقابلہ دو جماعتوں میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس کی بنیادی وجہ گذشتہ انتخابات میں تیسرے نمبر پر آنے والی تحریک لبیک کے اندرونی اختلافات ہیں۔
ٹی ایل پی اس حلقے میں خاصی مقبولیت اختیار کر چکی ہے اور الیکشن جیتنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ یہاں سے صوبائی اسمبلی کی نشست بھی ٹی ایل پی کے پاس ہے، تاہم ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کی تقسیم پر پارٹی میں اختلاف ہوا جس کے بعد پارٹی رہنما احمد بلال قادری نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلال قادری سنی تحریک کے بانی سلیم قادری کے بیٹے ہیں، اور انہیں سنی تحریک کے رہنماؤں کی سپورٹ حاصل ہے، اس لیے کچھ مبصرین کا اندازہ ہے کہ اندرونی اختلاف کی وجہ سے ٹی ایل پی کا ووٹ تقسیم ہو جائے گا۔
مسلم لیگ ن نے اس مرتبہ سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو میدان میں اتارا ہے جبکہ تحریک انصاف نے امجد آفریدی کو ان کے مدمقابل انتخاب لڑنے کے لیے منتخب کیا ہے۔
ضمنی انتخاب کے امیدواروں میں ایک اور مشہور نام پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا ہے۔ ان کی جماعت پی ایس پی جنرل الیکشنز میں کوئی بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی تھی، تاہم ضمنی انتخاب میں وہ بہتر کارکردگی کے لیے پُرامید ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی حتمی فہرست کے مطابق اس ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 30 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
ضمنی انتخاب میں تحریک لبیک کے امیدوار نذیر احمد پارٹی نشان کرین پر حصہ لے رہے ہیں، جبکہ وفاقی وزارت داخلہ ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔ اس حوالے سے ای سی پی نے وضاحت کی ہے کہ ’اسے تحریری طور پر اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا، اور کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے لیے باضابطہ کارروائی کی جاتی ہے اور وہ تب ہی ہوگی اگر وزارت داخلہ اس حوالے سے کوئی ہدایت کرے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی کو کرکٹ بیٹ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کو ٹائیگر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے امیدوار قادر خان مندوخیل کو تیر کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے امیدوار مصطفیٰ کمال کو ڈولفن جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار محمد مرسلین کو پتنگ کا نشان دیا گیا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں جس کے بعد مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے کیونکہ حلقے کی پشتون آبادی مفتاح اسماعیل کی حمایت کر سکتی ہے۔
ضمنی انتخاب رمضان میں ہورہا ہے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن کو درخواست دی گئی تھی کہ پولنگ کو ملتوی کیا جائے کیونکہ روزے سے ہونے کی وجہ سے ووٹرز کم تعداد میں نکلیں گے۔ تاہم یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔
کراچی کے علاقے بلدیہ پر مشتمل یہ حلقہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اعجاز شفیع کا گڑھ رہا ہے اور وہ 90 کی دہائی میں یہاں سے دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ یہی وجہ تھی کہ جب شریف خاندان سے پہلی مرتبہ کسی نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو بلدیہ کے اس حلقے کا انتخاب ہوا۔
حلقے میں کورونا کی بلند شرح
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل اپنی کامیابی کے لیے پر امید ہیں۔ دیگر جماعتوں نے بھی اپنی انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلائی ہے اور اپنی کامیابی کے لیے پُرامید نظر آتے ہیں۔
