یہ خدمات کریم کے ساتھ انضمام کے ذریعہ بھی ہو سکتی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
اوبر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں اوبر کار سروس کے صارفین جلد ہی اپنےلیے 30 دن قبل سواری بک کروا سکیں گے۔ اس کے علاوہ ایک گھنٹہ یا اس سے زیادہ کے لئے بھی کار بک ہو سکے گی۔
عرب نیوز کے مطابق ان خدمات کا بنیادی فائدہ ان لوگوں کو ہوگا جنہیں ایئرپورٹ پہنچنا ہوتا ہے۔
مسافر اپنی فلائٹ کی بکنگ تفصیلات درج کرا سکتے ہیں تاکہ ڈرائیور کو معلوم ہوسکے کہ آیا پرواز میں تاخیرتو نہیں ہوئی یا شیڈول کے مطابق مسافر کے منزل مقصودپر پہنچنے کا وقت کیا ہے۔
اس سروس کی فراہمی کا کوئی مخصوص ٹائم فریم تاحال نہیں دیا گیا تاہم اوبر نے اپنے پریس بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب رواں سال کے آخر میں یہ خدمات حاصل کرنے والی پہلی بین الاقوامی مارکیٹس میں شامل ہو جائےگا۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی اوبر کار سروس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں موسم گرما میں سیکڑوں امریکی شہروں اور قصبوں میں زیادہ مقامات پر گاڑی کی ریزرویشن کے تجربے کو توسیع دی جائے گی جو مزید کم خرچ ہو جائے گی۔
اوبرکمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ رواں سال کے آخر میں پیرس اور لندن جیسے شہروں کے ساتھ ساتھ 20 سے زیادہ مصروف ترین زائد ایئرپورٹس سمیت سعودی عرب میں ریزرویشن شروع کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے باعث سعودی عرب میں مارچ 2020سے بیرون ممالک سے فضائی سروس منقطع کر دی گئی تھی
اس کے بعد مئی کے آخر میں مکمل ایس او پیز کے ساتھ اندرون ملک پروازیں بحال کی گئیں جب کہ نئے اعلان کے مطابق 17 مئی سے بین الاقوامی پروازوں کی سہولت دوبارہ شروع ہونے والی ہیں۔
اوبر نے فی گھنٹہ کرائے کے لیےگاڑیاں دستیاب کرنے کا آغاز کیا ہے جس میں صارفین اگر ایک سے زیادہ سٹاپ یا مقامات پر جانا چاہیں تو ایک ہی کار اور ڈرائیور کو سٹینڈ بائی پر رکھ سکتے ہیں۔
یہ خدمت اس وقت امریکہ میں دستیاب ہے اور جلد ہی یہ سعودی عرب سمیت بین الاقوامی علاقوں میں بھی دی جائے گی ۔
اوبر کی جانب سے کرائے پر گاڑی کی دستیابی کی یہ سہولت امریکہ کے ایک ہزار سے زائد شہروں اور قصبوں میں موجود ہے۔
اوبر ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم رواں موسم گرما کے آخر میں اوبر ایکس اور پورے امریکہ، یورپ، لاطینی امریکہ، آسٹریلیا ، ہندوستان اور سعودی عرب کے ہزاروں نئے شہروں میں گھنٹہ وار سروس لا رہے ہیں۔
سان فرانسسکو میں قائم کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی نئی پراڈکٹ رینج میں رینٹل خدمتگارکاروں کی فراہمی شامل کررہی ہے۔
ایویس بجٹ گروپ انکارپوریٹڈ ، ہرٹز اورکرائے پر گاڑیاں دینے والی دیگرکمپنیوں کے ساتھ شراکت کے طور پر اوبر ایپ استعمال کرنے والے کرائے کی کار بک کرواسکیں گے اور وہ گاڑی ان کے حوالے کی جائے گی۔
کمپنی اپنی اوبر ایسٹس فوڈ ڈلیوری سروس کو بھی وسیع کر رہی ہے تاکہ وسیع پیمانے پر اشیا کو شامل کیا جاسکے اور صارفین کوسہولت میسر آ سکے کہ وہ اپنی سواری کے دوران خوردہ آوٹ لیٹس پر اشیا کا آرڈر بھی کرا سکیں اور اشیا لے سکیں۔
اوبر نے امریکہ میں والگرینز کے ساتھ بھی شراکت کی ہے تاکہ صارفین کورونا ویکسین کی بکنگ کے بعد ویکسین لگوانے کے لئے اوبر پر ہسپتال جاسکیں۔
یہ واضح نہیں کہ سعودی عرب یا مشرق وسطیٰ میں وسیع پیمانے پر اوبر کی کسی بھی ترسیل یا ویکسین خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔
اوبر کمیونی کیشن کے ترجمان اسٹیو ام نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہمارا مقصد عالمی سطح پر ان میں سے زیادہ سے زیادہ مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ خدمات کریم کے ساتھ انضمام کے ذریعہ بھی ہو سکتی ہیں یا ہم کسی اور کمپنی سے انضمام کا اہتمام کریں تاکہ مزید وسیع پیمانے پریہ کام کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور وسیع تر مشرق وسطیٰ وہ مارکیٹس ہیں جن کے بارے میں ہم سوچ رہے ہیں۔
ہمیں مستقبل کے اہداف وسیع کرنے کے لئے اپنی توجہ مرکوز کرنا ہوگی اور مستقبل میں اس میں مزید حصہ لینا ہوگا۔
کریم کے ایک ترجمان نے عرب نیوز کو بتایااس مرحلے پر کریم کے لئے کوئی منصوبہ نہیں کہ وہ اوبر کے اعلان میں بیان کی گئی مصنوعات کو متعارف کرائے۔
اوبر اور کریم ایک دوسرے کے ساتھ مصنوعات کی ترقی کے منصوبوں کو شیئر کرتے ہوئے مل کر کام کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔