Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انوشکا شرما نے اس سال اپنی سالگرہ کیوں نہیں منائی؟

انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی نے کورونا مخالف مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈین اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی اور اس سال اپنی سالگرہ نہ منانے کی وجوہات سے فینز کو آگاہ کیا۔
اداکارہ اور انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کی سالگرہ  یکم مئی کو تھی لیکن ذاتی وجوہات کی بنا پر انہوں نے سالگرہ نہیں منائی۔ 
اس سال انوشکا شرما 33 سال کی ہو گئی ہیں۔ اس موقع پر انوشکا شرما کے فینز اور بالی وڈ کے دیگر ستاروں نے انہیں ڈھیر ساری مبارکبادیں بھی دیں۔
اتوار کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو میں انوشکا شرما نے سالگرہ کی مبارکبادوں پر اپنے فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خوبصورت پیغامات نے سالگرہ کے دن کو خاص بنا دیا۔
لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس تمام مشکل حالات اور تکلیف کے دوران سالگرہ منانا مناسب نہیں لگا۔
’لیکن میں نے آپ کے خصوصی پیغامات دیکھے اور اب میرا آپ کے لیے ایک اہم پیغام ہے۔ میں سب سے اپیل کرنا چاہوں گی کہ اس بحران کے دوران سب متحد ہو کر اپنے ملک کی مدد کریں۔‘
انوشکا شرما نے کہا کہ وراٹ کوہلی کے ساتھ مل کر وہ اپنا فرض نبھائیں گی جس کے بارے میں تفصیلات سے جلد آگاہ کریں گی۔
انوشکا نے ویڈیو پیغام میں اپنے فینز سے کہا کہ ان کی جانب سے جلد شروع ہونے والی اس مہم میں وہ بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
’یار رکھیں کہ ہم سب اس میں ساتھ ہیں، اپنی حفاظت کریں اور اپنا خیال رکھیں۔‘
سنیچر کو انوشکا کی سالگرہ والے دن ان کے دوست اور فلم انڈسٹری کے دیگر ستاروں نے بھی سالگرہ کی مبارکباد دی۔
اداکارہ سونم کپور نے انوشکا کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سونم نے اپنی ساتھی اداکارہ کو ’نئی راہ دکھانے والی‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے انوشکا کے لیے خواہش کی ان کا ہر دن ہنسی، خوشی اور پیار سے بھرا ہو۔
جیکلین فرنانڈیز نے بھی انوشکا کو مبارکباد دیتے ہوئے اداکارہ کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کی۔

شیئر: