دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایک خصوصی زون کا آغاز کیا ہے جس سے متحدہ عرب امارات کو فوڈ سکیورٹی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
عرب نیوز کے مطابق نئی فوڈ ٹیک ویلی میں جدید زرعی کاروبار کے نظریات کو فروغ دینے کے لیے تحقیقی اور ترقیاتی سہولتیں پیش کی جائیں گی۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ اس سے متحدہ عرب امارات کی خوراک کی پیداوار میں تین گنا اضافہ ہو گا۔
انہوں نے ٹوئٹر پر کہا ’ہم نے جدید اور متحرک شہر فوڈ ٹیک ویلی کا پہلا مرحلہ شروع کیا ہے جو فوڈ ایکو سسٹم میں سٹارٹ اپس اور صنعت کے ماہرین کے لیے عالمی منزل کا کام کرے گا۔‘
متحدہ عرب امارات کے رہنما نے مزید کہا کہ ’اس میں آر اینڈ ڈی سہولتیں، انوویشن سینٹر، سمارٹ فوڈ لاجسٹک ہب اور ورٹیکل فارمنگ کے شعبوں کی میزبانی ہو گی۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے خلیجی ملک کو گلوبل فوڈ لوجیسٹکس ہب قرار دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی غذائی تجارت سالانہ 100 ارب درہم (27.2 بلین ڈالر) سے تجاوز کرتی ہے۔