Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈمپل گرل دیپکا پاڈوکون کورونا کا شکار، فیملی بھی متاثر

دیپکا پاڈوکون کی تمام فیملی کورونا کا شکار ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی ڈمپل گرل دیپکا پاڈوکون بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دیپکا پاڈوکون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ بینگلور شہر میں موجود ہیں۔
اس سے قبل دیپکا کے والد پراکاش پاڈوکون، والدہ اجالہ اور بہن انیشا کے وائرس میں مبتلا ہونے کی بھی خبریں آئی تھیں۔
گذشتہ ماہ دیپکا اور ان کے شوہر رنویر سنگھ ممبئی ایئرپورٹ سے بینگلور کے لیے روانہ ہو رہے تھے جہاں دیپکا کی فیملی رہتی ہے۔
دیپکا کے والد پراکاش پاڈوکون کورونا وائرس کے علاج کے لیے بینگلور کے ہسپتال میں داخل ہیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
پراکاش پاڈوکون کے قریبی ساتھ ویمل کمار نے پریس ٹرسٹ انڈیا کو بتایا تھا کہ ’تقریباً دس دن پہلے پراکاش، ان کی اہلیہ، اور بیٹی انیشا میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں، ٹیسٹ کرانے پر نتیجہ مثبت آیا تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ دیپکا کے والد ٹھیک ہیں اور اگلے دو سے تین دن میں ہسپتال سے فارغ کر دیے جائیں گے، جبکہ والدہ اور بہن کا گھر میں ہی علاج ہو ریا ہے۔
دیپکا نے حال ہی میں ذہنی صحت سے متعلق ہیلتھ لائن کا نمبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’لاکھوں افراد اس مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، اس دوران ذہنی صحت بہت زیادہ ضروری ہے۔‘
’آپ اکیلے نہیں ہیں، ہم سب اس میں ساتھ ہیں، اور سب سے زیادہ اہم یہ کہ، امید ہے!‘
آنے والے دنوں میں دیپکا اور رنویر سنگھ فلم 83 میں نظر آئیں گے جو انڈین کرکٹ لیجنڈ کپل دیو کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ فلم میں رنویر سنگھ کرکٹر کپل دیو کا کردار ادا کریں گے جبکہ دیپکا ان کی اہلیہ رومی کا کردار نبھائیں گی۔

شیئر: