Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں رہنما بورڈ تبدیل، ’صرف مسلم‘ کی جگہ ’حدِ حرم‘ تحریر

غیر مسلموں کا داخلہ حرم مدنی کے لیے ممنوع ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مدینہ شہر کے متعلقہ اداروں نے شاہراہوں پر رہنما بورڈز تبدیل کیے ہیں۔ سابقہ بورڈز میں سرخ رنگ میں انتباہی جملہ ’صرف مسلمانوں کے لیے‘ تحریر تھا اب اسے تبدیل کردیا گیا ہے۔ 
نئے بورڈز میں ’صرف مسلمانوں کے لیے‘ جملہ نکال کر اس کی جگہ ’حدِ حرم تک‘ تحریر کیا گیا ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق یہ تبدیلی اس تناظر میں کی گئی ہے کہ غیرمسلموں کا داخلہ حرم مدنی کے لیے ممنوع ہے جبکہ انہیں حرم مدنی کی حدود سے باہر مدینہ کے دیگر مقامات، کمشنریوں اور تحصیلوں میں جانے کی اجازت ہے۔ ان مقامات پر جانے کی ممانعت نہیں ہے۔

مدینہ کی شاہراہوں کے بورڈ کی شکل بھی تبدیل کی گئی ہے (فوٹو: اخبار 24)

مدینہ شہر کی شاہراہوں کے بورڈز کی شکل بھی تبدیل کی گئی ہے۔ پچھلے بورڈز پر قدیم عربی رسم الخط استعمال ہوتا تھا۔ اب اس کی جگہ مدنی رسم الخط نے لی ہے جو عام فہم رسم الخط ہے۔ نیا انداز مدینہ آنے والوں کے ذہنوں میں مدنی رسم الخط کی شناخت راسخ کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ  مدینہ کے علاقے میں انتظامی طور پر آٹھ گورنریٹ ہیں۔ جن میں غیر مسلموں کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں مگر تاریخی اعتبار سے صرف حرم مدنی میں غیر مسلموں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔

شیئر: