Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں آج پیر کی شب ختم قرآن اور خصوصی دعا ہو گی

کورونا سے بچاو کے لیے ضوابط پرمکمل طرح سے عمل کیاجاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
حرمین شریفین میں رمضان المبارک کی 29 ویں شب کےلیے قیام اللیل کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مسجد النبوی الشریف میں ختم قرآن آج پیر کی شب کو کیا جائے گا۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے مسجد النبوی الشریف کی انتظامیہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ہربرس کی طرح امسال بھی رمضان المبارک میں تراویح اورتہجد (قیام اللیل ) میں رمضان المبارک کی 29 ویں شب کو ختم قرآن کیا جائے گا۔

گزشتہ برس رمضان میں کرفیو کی وجہ سے عام افراد حرمین نہیں جاسکتے تھے(فوٹو، ایس پی اے)

ختم قرآن کے حوالے سے جامع دعا کرائی جاتی ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کرتے ہیں ۔ گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کے سبب مملکت کے بیشترشہروں میں کرفیو اور لاک ڈاون کا سلسلہ تھا اس حوالے سے عام افراد کے لیے حرمین شریفین جانا ممکن نہیں تھا۔
امسال کورونا وائرس کی وبا پر کافی حد تک قابوپائے جانے کے بعد کرفیو اور لاک ڈاون نہیں تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت حرمین اور دیگر مساجد میں نماز باجماعت سمیت تراویح کا خصوصی اہتمام کیاجارہا ہے۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت اسلامی امور نے وزارت صحت کے حوالے سے جاری کردہ ضوابط پر عمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی ۔
جاری ہدایات کے تحت باجماعت نماز کےلیے آنے والوں کے لیے لازمی ہے کہ صفوں کے درمیان فاصلہ رکھیں اور ماسک کا لازمی استعمال کریں علاوہ ازیں ہر شخص اپنی جائے نماز ہمراہ لانے کا پابند ہے۔

احتیاطی تدابیر کے تحت صفوں میں فاصلہ رکھا جاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے امسال وزارت اسلامی امور کی جانب سے عام مساجد میں تراویح کو مختصر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جس پرعمل کیاجارہا ہے۔
عام مساجد میں 30 منٹ میں تراویح اور ’وتر‘ کی دعا کرادی جاتی ہے جبکہ تہجد کی نماز کو بھی تراویح میں ضم کردیا گیاہے۔

شیئر: