کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ ضوابط پرعمل کرنا انتہائی ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مصدقہ کیسزکی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک ہزار 20 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 908 مریض اس سے شفایاب بھی ہوئے۔
ایک ہی دن میں 13 افراد اس مہلک وائرس کے سبب جان کی بازی ہار گئے۔ مملکت میں کورونا کے مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 389 ہو گئی جبکہ اب تک 7 ہزار 111 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ کیسز ریاض ریجن میں رہے جن کی تعداد 342 تھی جبکہ مکہ مکرمہ ریجن میں 276 اور مشرقی ریجن میں 133 ۔
مدینہ منورہ ریجن میں 56 ، عسیر 55 ، جازان 48 ، قصیم 28 ، تبوک 26 ،نجران 16 ، حائل اور الباحہ میں 14 ، 14 جبکہ شمالی حدود میں 9 اور الجوف ریجن میں 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت مملکت کے تمام ریجنز میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 9 ہزار 268 ہے جن میں سے 13 سو 52 کی حالات نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
اب تک 4 لاکھ 13 ہزار 10 افراد اس مہلک وائرس سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے مملکت کے تمام ریجنز اور شہروں میں کورونا سے بچاو کے لیے ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں لوگوں کو مفت ویکسین لگائی جاتی ہے۔
ویکسین لگوانے کے لیے وزارت کی ’صحتی ‘ ایپ کے ذریعے رجسٹرکرانا ہوتا ہے جس کے بعد اپنی رہائش سے قریب ترین سینٹر کا انتخاب کرکے وقت مقررہ پر وہاں پہنچا جاتا ہے۔
کورونا سے بچاو کے لیے وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گھر سے باہر ہمیشہ سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں ہاتھوں کو مسلسل دھوتے رہیں اگر صابن یا پانی نہ ملے تو اس صورت میں سینیٹائزر اپنے ہمراہ رکھیں ۔