روس نے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کردیں
آئس لینڈ، مالٹا ، میکسیکو اور پرتگال کے لیے پروازیں بحال کی جا رہی ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
روس نے سعودی عرب سمیت چار دیگر ممالک کے لیے 25 مئی سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ آئس لینڈ، مالٹا ، میکسیکو اور پرتگال کے لیے پروازیں بحال کی جا رہی ہیں۔
عاجل ویب کے مطابق روس میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے والے روسی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’مختلف ممالک کے لیے پروازوں کی بحالی کا فیصلہ اس ملک کی وبائی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جا رہا ہے‘۔
روسی مرکز کا کہنا ہے کہ’ 25 مئی مئی سے سعودی عرب کے لیے روس کی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔ ماسکو سے جدہ کے لیے ہفتے میں تین پروازیں ہوں گی جبکہ گروزنی اور جدہ کےلیے ہفتے میں ایک پرواز چلائی جا ئے گی‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے بھی پیر سترہ مئی سے سعودی شہریوں کے لیے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بین الاقوامی پروازوں بحالی قریب آتے ہی سعودیوں کی بہت بڑی تعداد نے بیرونی سفر کی تیاری کر لی ہے۔
آن لائن ٹریول کمپنیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی شہریوں کی بہت بڑی تعداد پروازیں شروع ہونے کے بعد بیرون ملک سفر کرنے کے لیے آن لائن سرچ کر رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی بڑی کمپنی ویگو کے مطابق انٹرنینشل فلائٹس کی تلاش میں جنوری سے 52 فیصد جبکہ ہوٹلز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں 59 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔