السعودیہ ایئر لائنز کی ایک لاکھ پروازیں، ایک کروڑ افراد کا محفوظ سفر
فروری 2020 سے آج تک کوئی مسافر کورونا سے متاثر نہیں ہوا ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ ’ایک لاکھ پروازوں سے ایک کروڑ مسافروں نے محفوظ سفر کیا ہے۔ فروری 2020 سے آج تک کوئی ایک مسافر بھی کورونا سے متاثر نہیں ہوا ہے۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق السعودیہ نے میڈیا سینٹر کے اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ ’ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ السعودیہ دنیا بھر کی 10 بہترین اور محفوظ ترین فضائی کمپنیوں میں سے ایک ہے اور وہ صحت و سلامتی کے حوالے سے ’الماسی اے پی ای ایکس‘ درجے کی مستحق ہے۔‘
السعودیہ نے اس سے قبل محکمہ شہری ہوابازی اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون سے بتایا تھا کہ ’پیر 17 مئی رات ایک بجے سے ایئرپورٹ کھولے جانے کے بعد شہریوں کے لیے سفر کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ ’پیر 17 مئی 2021 سے سعودی عرب کے ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں شہریوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔ سعودی شہریوں کے بیرون مملکت سفر پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ان افراد کو سفر کی اجازت دی گئی ہے، جنہوں نے ویکسین کی دو خوراکیں لگوائیں یا سفر سے کم از کم دو ہفتے قبل ایک خوراک لگوائی یا وہ جو گذشتہ چھ مہینے کے دوران کورونا سے صحت یاب ہوئے یا جن کی عمر 18 سال سے کم ہے۔‘