Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازوں کی بحالی: سعودی شہری بیرون ملک سفر کے لیے تیار

سعودی عرب نے چودہ ماہ قبل بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب بین الاقوامی پروازیں پیر سے بحال کر رہا ہے جو کورونا وائرس کے باعث بند کی گئی تھیں۔
عرب نیوز کے مطابق چودہ ماہ کے تعطل کے بعد 17 مئی سے سعودی شہری ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سفر کرنا شروع کر دیں گے، تاہم مسافرین کو چیلنجز کا سامنا رہے گا۔
ایک کروڑ پندرہ لاکھ سعودی شہریوں کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے، جبکہ 4 لاکھ سے زیادہ افرادہ صحت یاب ہوئے ہیں۔
تاہم آئندہ مہینوں میں بیرون ملک چھٹیاں گزارنے کی منصوبہ بندی آسان بالکل نہیں ہوگی، چند ممالک نے داخلے کے وقت قرنطینہ کی شرط عائد کر رکھی ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
اکثر ممالک نے ان افراد کے لیے سفری پابندیوں میں آسانی پیدا کی ہے جنہیں ویکسین لگ چکی ہے یا جو کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم سعودی شہریوں کی اکثریت کی خواہش ہے کہ قریبی ممالک میں ہی تفریح کے لیے جایا جائے۔
ریاض کی 34 سالہ شہری ماہا الحسین نے عرب نیوز کو بتایا کہ جیسے ہی بحرین نے سعودی شہریوں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا، تو انہوں نے فوراً ہی ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ کروالی۔
انہوں نے بتایا کہ خاندان کے بالغ افراد کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے جبکہ بچے تمام حفاظتی تدابیر سے واقف ہیں۔
’باقی سب کی طرح ہم بھی مشکلات سے گزرے ہیں۔ یہ سفر ہمارے لیے انتہائی ضروری ہے اور ہم احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔‘
بحرین نے اعلان کیا تھا کہ خلیجی ممالک سے آنے والے افراد جنہیں ویکسین لگی ہوئی ہے یا جو کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں انہیں پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں ہے، تاہم انہیں ویکسین لگوانے یا کورونا سے صحتیابی کا ثبوت دینا پڑے گا۔

بحرین نے سعودی شہریوں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کر دی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

بحرین نے سعودی شہریوں کو اپنے ملک آنے کی دعوت کے لیے ’ہم تمہیں یاد کرتے رہے ہیں‘ کے نام سے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔
کورونا وائرس کے باعث 20 ممالک کا سفر کرنے کی پابندی فی الحال برقرار ہے، جبکہ اکثر ممالک نے بھی بین الاقوامی سفر کو محدود کیا ہوا ہے۔
32 سالہ سعودی شہری یوسف نے عرب نیوز کو بتایا کہ عرب امارات کی سبز فہرست میں سعودی عرب بھی شامل ہے، بین الاقوامی پروازیں کھلنے پر وہ فوراً دبئی جائیں گے۔
جمعے کو سعودی عرب میں یونان کے سفیر نے کہا تھا کہ سعودی شہریوں کو یونان کا سفر کرنے کی اجازت ہو گی تاہم ان کا کورونا ٹیسٹ منفی ہونا چاہیے یا پھر ویکسین کا سرٹیفیکیٹ دکھانا ہوگا۔
یونان کے سفیر نے ٹویٹ کیا کہ ’سعودی دوستوں کو خوش آمدید، یونان آپ کا انتظار کر رہا ہے۔‘ برطانیہ جانے والے سعودی شہریوں کے لیے یورپی ملک پہنچنے پر قرنطینہ کی شرط برقرار ہے۔
ملائشیا، سنگا پور، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، روس، سپین، پولینڈ، وییتنام، چیک ریپبلک اور بیلجیم کی جانب سے غیر ملکی سیاحوں پر پابندی فی الحال برقرار ہے۔

شیئر: