ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایئرلائن نے افواج پاکستان کی ملک کے لیے دی گئی قربانیوں اور خدمات کو سراہنے کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے۔
دیگر کن شعبوں کو رعایت دی گئی ہے؟
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئرلائن اپنے کمرشل پلان کے مطابق مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو رعایتی ٹکٹس فروخت کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ڈسکاؤنٹ پلان سے صحافی، چیمبرز آف کامرس کے ارکان، کارپوریٹ سیکٹر آرگنائزیشنز، پاکستان میں کام کرنے والی چائنیز کمپنیاں، نجی بینکس کے کریڈٹ کارڈ رکھنے والے صارفین، معمر شہری اور دس سال سے کم عمر کے بچے استفادہ کر رہے ہیں۔
پی آئی اے کے ٹکٹس پر صحافیوں کو 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے جبکہ کاروباری افراد جو چیمبر آف کامرس کے رکن ہوں انہیں 10 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'مختلف کارپوریٹ سیکٹر آرگنائیزیشن جو پی آئی اے کے ساتھ معاہدے کرتی ہیں انہیں 10 فیصد ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں کام کرنے والی مختلف چائنیز کمپنیوں نے معاہدے کیے ہیں جس کے تحت انہیں 10 فیصد ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جارہا ہے۔'
پی آئی اے کے ڈسکاؤنٹ پلان کے مطابق 'مختلف نجی بینکس کے ساتھ معاہدے کیے جارہے ہیں جس کے تحت ان بینکس کے کریڈٹ کارڈ رکھنے والے صارفین کو 20 فیصد تک ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جائے گا جس میں 10 فیصد پی آئی اے اور 10 فیصد رعایت بینکس فراہم کریں گے۔'
اس کے علاوہ معمر شہریوں کو 15 فیصد رعایتی نرخوں پر ٹکٹس فروخت کیے جا رہے ہیں۔
'65 سال سے زائد عمر کے افراد کو 10 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جاتا ہے جبکہ 10 سال سے کم عمر بچوں کے ٹکٹس پر بھی 25 فیصد چھوٹ دی گئی ہے۔'
خیال رہے کہ اس سے قبل معذور افراد کو بھی رعایتی نرخوں پر ٹکٹس فروخت کیے جا رہے تھے جو کہ اب ختم کر دیے گئے ہیں۔