کورونا سے بچاؤ: ’ویکسین کی ایک خوراک کافی نہیں‘
سعودی وزارت صحت کے مطابق دوسری خوراک ضروری ہے کیونکہ ایک خوراک سے مطلوبہ قوت مدافعت نہیں بن پاتی (فوٹو:اے پی)
سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی صرف ایک خوراک کافی نہیں کیونکہ اس سے مطلوبہ قوت مدافعت نہیں بن پاتی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک ضرور لیں۔ وزارت کی جانب سے یہ بیان دوسری خوراک کی اہمیت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سامنے آیا ہے۔
صحت حکام کے مطابق مملکت میں چار منظور شدہ ویکیسنز ہیں، ایسٹرا زینیکا، فائزر، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا، اگر ان کے علاوہ کسی اور ویکسین کی منظوری دی جاتی ہے تو اس کا سرکاری طور پر بروقت اعلان کیا جائے گا۔
وزارت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پہلی خوراک کے بعد انفیکشن ہونے پر دوسری خوراک کا شیڈول تبدیل کیا جائے گا جو ’چھ ماہ میں صحت یابی‘ کے ٹائم پیریڈ کے مطابق ہو گا۔
حالیہ تحقیق اور سفارشات کی بنیاد پروزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ عام طور پر حاملہ خواتین ویکسین لگوا سکتی ہیں اور اس کے لیے حمل کو ملتوی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزارت کے مطابق ’ویکسین سے ماں کے دودھ کو کوئی خطرہ نہیں، بلکہ دودھ پلانے والی خواتین کو ویکسین لگوانے کی سفارش کی گئی ہے کیونکہ ’مطلوبہ فائدہ ممکنہ نقصان پر غالب‘ ہے۔
اس دوران وزارت نے سعودی شہریوں کے لیے یہ انتباہ بھی جاری کیا ہے کہ انہیں کورونا ویکیسن لینے کے بعد کسی دوسری ویکسین کے درمیان کم سے کم 14 روز کا وقفہ ضرور دینا چاہیے بشمول خسرہ اور ممپس کی خوراک کے۔
سعودی عرب میں جمعے کے روز کورونا وائرس کے باس مزید 10 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7224 ہو گئی ہے۔
اس وقت تک سعودی عرب میں ایک کروڑ 83 لاکھ 70 ہزار سے زائد پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 81 ہزار چھ سو 78 پچھلے 24 گھنٹے کے دوران کیے گئے۔
وزارت صحت کی جانب سے وبا سامنے آنے کے بعد مملکت میں قائم کیے گئے ٹیسٹ اور علاج کے مراکز لاکھوں شہریوں کی مدد کر چکے ہیں۔
ان ٹیسٹنگ سنٹرز میں تعاکاد سینٹرز اور تیتامن کلینکس بھی شامل ہیں جو مرض کے حوالے سے صورت حال کو یقینی بنانے کے متعلق معلومات دیتے ہیں۔
تاکاد سینٹرز ان لوگوں کے ٹیسٹ کرتے ہیں جن کو مرض کی معمولی علامات ہوں یا پھر ان وہ کسی مریض سے رابطے میں رہے ہوں جبکہ تیتام من کلینکس ان مریضوں کو دیکھتے ہیں جن میں مرض کی علامات ہوں، جیسے بخار، سونگھنے اور چکھنے کی حس کا ختم ہونا اور سانس لینے میں دشواری۔
اس کے علاوہ دیگر سہولتیں وزارت صحت کی صحتی ایپ کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ مملکت سعودی اور مقیم افراد کی جانب سے کورونا ویکسین کی خوراکیں لیے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت تک ایک کروڑ 25 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد ویکسین لگوا چکے ہیں۔