' آپ کی صحت امانت ہے' کنگ فہد پل پر خصوصی مہم کا آغاز
' آپ کی صحت امانت ہے' کنگ فہد پل پر خصوصی مہم کا آغاز
بدھ 19 مئی 2021 11:45
8 مارچ 2020 سے اس راستے پر سفری پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔ (فوٹواے ایف پی)
سعودی عرب میں ایسٹرن ریجن کی بلدیہ کے تعاون سے بحرین سے ملانے والے پل پر کنگ فہد کاز وے پبلک اتھارٹی نے گذشتہ روز منگل کو ' آپ کی صحت امانت ہے' کے عنوان سے عوام کے لیے ایک خصوصی شعوری مہم شروع کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صحت سے متعلق دی جانے والی اس سہولت کا آغاز کاز وے کے ذریعہ سعودی عرب اور بحرین کے درمیان سفری پابندیوں کو ختم کرنے کے ساتھ ہی کر دیا گیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان آنے جانے والے مسافروں کے لیے اس بیداری مہم کا مقصد کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی بڑھانا اور وبائی امراض کے دوران مسافروں میں مثبت طرزعمل کو فروغ دینا ہے۔
چار روزہ اس مہم کے دوران وبائی امراض سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات اور اس سے متعلق متعدد لیکچرز اور دیگر پروگراموں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
سعودی عرب اور بحرین کوجوڑنے کے لیے سمندر پر بنایا گیا کنگ فہد پل دونوں ملکوں کےعوام کے لیے آنے جانے کا آسان راستہ ہے۔ اس پل پر ہی سرحدی چوکی بھی قائم کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر 8 مارچ 2020 سے اس راستے کے ذریعے عوام پر سفری پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔
دریں اثنا یہاں پر روانگی کےعلاقے میں ٹریفک کی روانی کے لیے10 اضافی لائنیں بنائی گئی ہیں جس سے ان کی کل تعداد 27 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ آمد کے علاقے میں36 لائنیں ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں