Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں حوثیوں کی ایرانی ساختہ بارودی سرنگ تباہ کردی

بارودی سرنگوں کی تنصیب بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔(فوٹو سبق)
عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں حوثی ملیشیا کی طرف سے نصب کی گئی ایک باردودی سرنگ کا سراغ لگا کر اسے تباہ کیا ہے۔
عرب اتحاد نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ تباہ کی جانے والی باردودی سرنگ ایرانی ساختہ اور صدف ٹائپ کی تھی۔
 بیان کے مطا بق ’ایران کی مدد سے بحری بارودی سرنگوں کی تنصیب بین الاقوامی جہاز رانی اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہے‘۔
عرب اتحاد نے تصدیق کی کہ اب تک حوثی ملیشیا کی طرف سے لگائی گئی 205 بحری بارودی سرنگوں کا سراغ لگا کر انہیں تباہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے کہا تھا کہ  بحیرہ احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی بارودی کشتی کو تباہ کیا ہے۔
 ’بر وقت کارروائی کرکے بارودی کشتی کو تباہ کردیا گیا ورنہ حوثی باغی تخریبی کارروائی کے قریب تھے‘۔
عرب اتحاد کے مطابق’حوثی ملیشیا الحدیدہ بندرگاہ کو تخریب کاری کا اڈہ بنا رکھا ہے، وہ عالمی معاہدوں کی پروا کیے بغیر عالمی تجارت کے محفوظ راستوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے‘۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشتگروں کی بارود بردار بوٹ حملے کی مذمت کی ہے۔
امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق اماراتی دفتر خارجہ نے کہا کہ ’حوثیوں کے مسلسل دہشتگردانہ حملے عالمی برادری کو کھلا چیلنج اور تمام بین الاقوامی قوانین و روایات کے منافی ہیں‘۔
امارات کا کہنا ہے کہ’ حوثیوں کا نیا حملہ خطے میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے والی کوششوں کا نیا ثبوت ہے‘۔ 
امارات نے دہشتگردانہ حملوں کے خلاف برادر ملک سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار  کرتے ہوئے کہا کہ ’عالمی تجارت اور جہاز رانی کو خطرہ لاحق کرنے والی ہر کوشش کے خلاف وہ سعودی عرب کے ساتھ ہے‘۔
ایس پی اے کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے حوثیوں کے دہشتگردانہ نئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک بین الاقوامی جہاز رانی اور تجارت کو مخدوش کرنے کی ایک اور کوشش ہے‘۔
عرب پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ ’اس قسم کے حملے بین الاقوامی قوانین کے سراسر خلاف ہیں اور یہ دہشتگردانہ و بزدلانہ عمل ہے،عالمی برادری اس کا نوٹس لے‘۔ 

 

شیئر: