Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد، ’روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے‘

پاکستان میں اس وقت مجموعی طور پر پندرہ فعال سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس موجود ہیں (فوٹو: ٹیک جوس)
پاکستان کی وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں 15 ایکڑ پر 12 منزلہ جدید آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا، جس پر 13 ارب 72 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ 
بدھ کے روز وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے جنوبی کوریا کے پاکستان میں تعینات سفیر سُوسنگ پایو کے ہمراہ اسلام آباد میں  آئی ٹی پارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ 
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق یہ پارک چک شہزاد میں بنایا جا رہا ہے جو 12 منزلوں پر مشتمل ہوگا اس کی دو منزلیں زیر زمین ہوں گی۔ اس پارک کے لیے جنوبی کوریا کے ایگزم بینک سے نہایت آسان شرائط پر قرضہ حاصل کیا گیا ہے  جس کی ادائیگی انتہائی معمولی مارک اپ پر 40 برس کی آسان اقساط میں  کی جائے گی۔
 66 ہزار مربع میٹر سے زائد گنجائش کی اس عمارت والے اس منصوبے کی مجموعی مالیت 13 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعمیر کے دوران بالواسطہ اور بلاواسطہ پانچ ہزار ہنرمندوں اور مزدوروں جبکہ تعمیر کے بعد 10 سے 15 ہزار  سے زائد آئی ٹی ماہرین، طلبہ و طالبات اور انڈسٹری سے متعلقہ افراد کو روزگار فراہم ہوگا جبکہ براہ راست بیرونی و مقامی سرمایہ کاری کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
آئی ٹی پارک میں ابتدائی طور پر 120 سمال و میڈیم سٹارٹ اپس انٹرپرائزز کو تمام جدید سہولتوں سے آراستہ جگہ فراہم کی جائے گی۔ جدید ٹیسٹنگ لیبارٹریز، کلاس رومز، آئی ٹی و متعلقہ صنعتوں سے منسلک اکیڈیمک سینٹرز، آڈیٹوریم اور دیگر سہولیات  بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اس وقت مجموعی طور پر فعال سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس ( اشتراکی عمارت)  کی تعداد 15 ہے۔ جن میں تین اسلام آباد میں، دو راولپنڈی، آٹھ لاہور، ایک کراچی اور ایک گلگت میں قائم ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کے لیے اہم خوشخبری ہے۔
 کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن اسلام آباد میں اسٹیٹ آف آرٹ  سہولیات سے آراستہ جدید ترین آئی ٹی پارک قائم کرنے جا رہی ہے، ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کے لیے
 دیگر اقدامات کے ساتھ یہ بھی ضروری تھا کہ آئی ٹی سیکٹر کے انفراسٹرکچر کو مربوط کرتے ہوئے اس کی صنعت سے وابستہ افراد کو ایک ایسا پلیٹ فارم بھی مہیا کیا جائے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے جنوبی کوریا کے پاکستان میں تعینات سفیر سُوسنگ پایو کے ہمراہ آئی ٹی پارک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا (فوٹو: ٹوئٹر، وزارت آئی ٹی

وفاقی وزیر نے کہا کہ  میری اپنی ذاتی خواہش یہی ہے کہ ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہروں میں ایس ٹی پیز کا ایک جال بچھا دیا جائے کیونکہ ڈیجیٹل ورلڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے آپ کو اپنے نیٹ ورک میں توسیع کرنا لازم ہے اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت آئی ٹی کے ماتحت ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ فوری طور پر کوئٹہ، گوادر، فیصل آباد، بنوں، سوات، مردان، سکھر حیدرآباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے لیئے اقدامات کررہی ہے۔
اپنے خطاب میں جنوبی کوریا کے پاکستات میں تعینات سفیر سُوسنگ پایو نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے حوالے سے  کاوشوں کا معترف ہوں۔  2019 میں کورین اور پاکستانی حکومت کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کوریا کے اکنامک ڈیویلپمنٹ کوآپریشن فنڈ کے تحت پاکستان میں انفراسٹرکچر کے لیے 500 ملین  ڈالرز کا انتہائی آسان شرائط پر قرض جاری کیا جانا تھا ۔ آئی ٹی پارک کی تعمیر اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
 

شیئر: