’کورونا سے بحالی‘ ایئربس طیاروں کی پیداوار بڑھانے کے لیے تیار
’کورونا سے بحالی‘ ایئربس طیاروں کی پیداوار بڑھانے کے لیے تیار
جمعرات 27 مئی 2021 17:27
کمپنی کا کہنا ہے کہ اے 320 طیاروں کی ماہانہ پیداوار 45 تک بڑھائی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)
طیارہ ساز کمپنی ایئربس نے کہا ہے کہ وہ 2023 میں اے 320 جہازوں کی پیداوار میں اضافہ کرے گی۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ادارے نے گزشتہ سال کورونا وبا کی وجہ سے اپنی پیداوار کم کر دی تھی جبکہ سرحدوں کی بندش سے فضائی سفر میں کمی کے باعث بین الاقوامی ایئرلائنز کا کاروبار متاثر ہوا۔
ایئر بس کے چیف ایگزیکٹیو گلومے فوری نے ایک بیان میں بتایا کہ ’ہوا بازی کا شعبہ کورونا وبا کے اثرات سے نکلتے ہوئے بحال ہو رہا ہے۔‘
کمپنی کے مطابق اسے امید ہے کہ 2023 اور 2025 کے دوران کاروبار کے حوالے صورت حال کورونا سے پہلے کے حالات کی جانب لوٹ جائے گی۔
کمپنی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’ایئر بس اسی لیے اپنے پیداواری مںصوبوں کو اپ ڈیٹ کر رہی ہے، اور اس حوالے سے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ متوقع طور پر بحال ہوتی انڈسٹری کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔
اس اعلان کے بعد پیرس سٹاک ایکسچینج میں ایئربس کے حصص میں اضافہ ہوا ہے۔
ایئربس اس وقت مہینے میں اے 320 فیملی کے 40 جہاز بنا رہی ہے تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ سال کے آخری تین ماہ میں اس کا دائرہ 45 تک بڑھائے گی۔
اس کی جانب سے سپلائرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اے 320 طیاروں کی تعداد 2023 تک 64 تک لے جانے کے لیے تیار رہیں، کمپنی مستقبل میں طیاروں کی پیداوار بڑھائے گی۔ یہ تعداد 2024 میں ماہانہ 70 تک جائے گی جبکہ 2025 میں ممکنہ طور پر 75 ہو سکتی ہے۔
ایئر بس کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ وہ مستقبل کے پیداواری منصوبوں کو پہلے سے سامنے لائے کیونکہ اس کو جہازوں کی تیاری کے لیے درکار سامان ایک طویل سپلائی چین سے منسلک ہے۔
کمپنی کورونا سے قبل ماہانہ 60 اے 320 طیارے تیار کر رہی تھی اور 2020 تک اس کو 63 تک لے جانے کی منصوبہ بندی تھی لیکن کورونا وبا آنے سے اس کے منصوبے تبدیل ہوئے۔
ایئر بس کمپنی نے ایک لاکھ 35 ہزار ملازمتوں میں 15 ہزار کی کمی بھی کی تاہم اپنے بڑے مراکز جرمنی، برطانیہ، فرانس اور سپین میں ملازمتیں کم کرنے سے گریز کیا۔