دبئی فٹنس کے مقابلے 30 روز تک جاری رہیں گے۔ فوٹو امارات الیوم
دبئی میں سکول کے 30 طلبہ نے فلائی دبئی کا بوئنگ طیارہ کھینچ کر فٹنس چیلنج کا مظاہرہ کیا ہے ۔
دبئی پولیس کے ’ حمایہ‘ سکول سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی عمریں 15سے 17 برس کے درمیان تھیں۔ طلبہ کا گروپ فلائی دبئی کا طیارہ محکمہ شہری ہوابازی کی عمارت سے متصل پارکنگ لاٹ سے کھینچ کر رن وے تک لے آیا۔
الامارات الیوم کے مطابق ایئرپورٹ سکیورٹی ادارے کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر علی عتیق بن لاحج نے بتایا ’دبئی پولیس فٹنس چیلنج کے حوالے سے مختلف پروگرام کرتی رہتی ہے۔ اس مرتبہ طلبہ کو خاص طور پر شریک کیا گیا ہے۔ طلبہ فٹنس چیلنج کے لیے پرجوش تھے۔ سب نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا‘۔
بریگیڈیئر علی عتیق بن لاحج نے مزید کہا کہ دبئی فٹنس کے مقابلے 30 روز تک جاری رہیں گے۔ ہر مقابلے کا دورانیہ 30 منٹ کا رکھا گیا ہے۔
2017 کے مقابلے میں دبئی پولیس کے 56 اہلکار شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے 302.68 ٹن وزنی ایئر بس کو 100میٹر تک کھینچ کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
اس سے قبل کا ریکارڈ 218.56 ٹن وزنی طیارے کا تھا ۔اس میں 100افراد شریک ہوئے تھے۔
دبئی پولیس کی 77 خواتین اہلکار اس وقت گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنیں جب انہوں نے امارات ایئرلائنز کا 240 ٹن وزنی بوئنگ 100 سے زیادہ میٹر تک کھینچنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں