تفریحی پروگراموں میں شرکت ضوابط سے مشروط ہو گی(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ تفریحات نے سعودی عرب میں تفریحی پروگراموں کی مشروط بحالی کا اعلان کردیا- کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت عامہ (وقایۃ) کے جاری کردہ صحت ضوابط کی پابندی کے ساتھ تفریحاتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے-
العربیہ نیٹ کے مطابق محکمہ تفریحات نے مندرجہ ذیل شرائط کے ساتھ تفریحی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دی ہے-
ویکسین یافتگان ہی پروگراموں میں شرکت کرسکیں گے- توکلنا ایپ کے ذریعے ویکسین ریکارڈ دریافت کیا جائے گا-
کھلے مقامات پر ہونے والے پروگرام میں صرف 40 فیصد گنجائش کے بقدر ہی شائقین شرکت کرسکیں گے-
شائقین سماجی فاصلے اور ماسک کا اہتمام کرنے کے پابند ہونگے(فوٹو، ٹوئٹر)
شائقین کو سماجی فاصلے، حفاظتی ماسک کی پابندی کرنا ہوگی-
پروگرام کی انتظامیہ مختلف مقامات پر سینیٹائزر فراہم کرے گی-
انتظامیہ شائقین کے داخلہ دروازوں اور پروگرام دیکھ کر وہاں سے نکلنے والے دروازے الگ بنائے گی-
داخلے کے تمام پوائنٹس پر درجہ حرارت چیک کیا جائے گا- تنفس کی علامتوں کے بارے میں دریافت کیا جائے گا-
اگر شائقین یا کارکنان میں سے کسی کا درجہ حرارت زیادہ ہوا یا تنفس کی علامتیں آمد کے وقت ریکارڈ نظر آئیں تو ایسی صورت میں انہیں اندر جانے سے روکا جائے گا-
ویکسین لگوانے والے ہی پروگراموں میں شرکت کرسکیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ تفریحات نے پابندی لگائی ہے کہ تمام تفریحاتی مراکز کے ذمہ داران، شائقین اور کارکنان کو نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کا آگہی لٹریچر بھی تقسیم کیا جائے-
محکمہ تفریحات نے تاکید کی ہے کہ تفریحی پروگراموں کے منتظمین اپنے عملے کو صحت و سلامتی اور کووڈ 19 سے بچاؤ کی تدابیر کے بارے میں لازمی تربیتی پروگرام کرائیں گے-